• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PAC کیلئے شیخ وقاص کا نام فائنل، شیر افضل مروت سیخ پا، پارٹی قیادت سے باغی ہوگئے


اسلام آباد(فاروق اقدس )چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کیلئے پی ٹی آئی نے شیخ وقاص اکرم کا نام فائنل کرلیا۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے منظوری دیدی ‘پی ٹی آئی کی پولیٹیکل کمیٹی آئندہ دنوں میں شیخ وقاص اکرم کا نام اسپیکر کو بھیجے گی۔

شیر افضل مروت نے فیصلے پر شدیدردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی قیادت سے بغاوت کا اعلان کردیا اور کہاکہ وہ موجودہ پارٹی لیڈرشپ کے ساتھ کام نہیں کریں گے ‘وہ جس ایجنڈے کیلئے نکلے تھے وہ ایجنڈا آج ختم ہوگیاہے ‘مجھے عہدوں کا لالچ نہیں، پی ٹی آئی کو اس وقت اٹھایا جب مردہ گھوڑا بن گئی تھی‘بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں شبلی فراز اور عمرایوب رکاوٹ ہیں ‘دونوں کا کچا چٹھا کھولوں گا ‘

 دوسری جانب عمرایوب کا کہنا ہے کہ میری شیر افضل مروت سے کوئی لڑائی نہیں ہے‘چیئرمین پی اے سی کیلئے شیر افضل مروت کا نام میں نے ہی دیا تھا۔علاوہ ازیں بانی پی ٹی آئی نے مسلسل دوسرے روز جیل میں شیر افضل مروت سے ملنے سے انکار کردیاہے ۔

 تفصیلات کے مطابق شیر افضل مروت نے پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت کے ساتھ کام نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے عہدوں کا لالچ نہیں،پارٹی کی آفیشل میڈیا ٹیم میرے خلاف ہے، شبلی فراز ،عمرایوب نے عمران سے ملاقات نہیں کرنے دی، ہر معاملے پر بانی پی ٹی آئی کو گمرہ کیا گیا۔ 

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی شیرافضل مروت نے کہا کہ کل بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے آیا تھا نہیں ملنے دیا گیا، آج بھی میری ملاقات نہیں کرائی۔

 انہوں نے کہا کہ میرا بانی پی ٹی آئی سے ملنا ضروری تھا لیکن عمر ایوب اور شبلی فراز نے بانی پی ٹی آئی سے نہیں ملنے دیا،ہر معاملے پر بانی پی ٹی آئی کو گمرہ کیا گیا۔ شبلی فرازکے مطابق (ن) لیگ نے کہا کہ شیر افضل مروت کا نام دیا گیا جوہمیں قبول نہیں۔

انہوں نے کہاکہ سعودی سفیر کے اعتراض کی بنیاد پر چیئرمین پی اے سی سے نامزدگی ختم کرکے میری تذلیل کی گئی، اس عہدے میں مزید کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔

 بانی پی ٹی آئی کیلئے کبھی مشکلات پیدا نہیں کروں گا، مجھے بے توقیری قبول نہیں‘بانی پی ٹی آئی نے مجھے پولیٹیکل کمیٹی کا ممبر بنایا تھا، پولیٹیکل کمیٹی میں ووٹنگ کر کے مجھے ہٹایا گیا۔میں تو الیکشن بھی لڑنا نہیں چاہتا تھا

 بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر الیکشن لڑا، میں بانی پی ٹی آئی کیلئے نکلا تھا، آزادی کیلئے نکلا تھا، میں جس ایجنڈے کیلئے نکلا تھا وہ ایجنڈا آج ختم ہو گیا، یہ لوگ آئیں اور قیادت کریں میں ان کی پیروی کروں گا، یہ اپنے بیان دے دیں پھر میں ان کا کچھا چٹھا کھولوں گا۔

اہم خبریں سے مزید