کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی سیکرٹری جنرل صمند بلوچ نے گوادر میں باڑ لگانے کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچ قوم کو یکجا کرکے سیاسی انداز میں موبلائز کریں گے اگر اس منصوبے کو نہ روکا کیا گیا تو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔یہ بات انہوں نےکوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر مرکزی سینئر جوائنٹ سیکرٹری مقبول بلوچ ، ایوب بلوچ ، کبیر بلوچ ، شعیب بلوچ و دیگر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی معدنی دولت سے متعلق ہمیشہ ایسے منصوبے ترتیب دیئے گئے جن میں بلوچ عوام کی منشا شامل نہیں رہی ،سیندک ، ریکوڈک ، سوئی گیس سمیت بلوچ وسائل کو لوٹنے کیلئے ہمیشہ ہی سے بلوچستان میں مرضی کی حکومتیں بناکر ان سے دستخط لے کر بلوچستان کی معدنیات کو بلوچ قوم کی مرضی و منشا کے بغیر بیرونی کمپنیوں کو فروخت کیا گیا ۔بلوچستان کا ساحلی شہر گوادر انتہائی اہمیت کا حامل ہے کبھی سی پیک جیسے استحصالی منصوبوں کے بہانے بلوچ عوام کو گوادر سے بیدخل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے تو کبھی گوادر کو دبئی و سنگاپور بنانے کے کھوکھلے دعوے کرکے بلوچ عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش کی جاتی ہے ۔