• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اصل ذمہ داروں کو حساب دینا پڑے گا، آرمی چیف

راولپنڈی(ایجنسیاں)پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ 9 مئی کے ورغلائے لوگوں کو سپریم کورٹ کی ہدایت پر پہلے ہی شک کا فائدہ دیاجاچکا ہے لیکن اس گھناؤنے منصوبے کے اصل رہنما جو خود کو معصوم ظاہر کرتے ہیں کو اب اپنے جرائم کا حساب دینا پڑے گا خصوصاً جب ان کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں‘جنہوں نے تاریخ کا یہ سیاہ باب رقم کیا ایسی ذہنیت کے منصوبہ سازوں اور کرداروں کے ساتھ نہ کوئی سمجھوتہ ہوسکتا ہے اور نہ ہی ڈیل‘دشمن قوتیں اور ان کے سرپرست جھوٹ، جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے ڈیجیٹل دہشت گردی، مسلح افواج اور پاکستانی عوام کے درمیان تفریق پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں مگر قوم کی حمایت سے ان تمام قوتوں کے عزائم کو ناکام بنایا جائے گا‘ شہداء اور ان کے اہلخانہ یا ادارے کی بے حرمتی کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی،9مئی کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور مجرموں کو ملکی قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ اس حوالے سے آئے روز کی جانے والی اشتعال انگیزیوں کا جواب نہ دینے کو ہماری کمزور ی اور ہمارے صبر کو لا محدود نہ سمجھا جائے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل سید عاصم منیر لاہور گیریژن کے دورہ کے موقع پر خطاب کر رہے تھے ۔ آرمی چیف نے یادگار شہداء پر پھول چڑھا ئے اور شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کیا۔آرمی چیف نے گیریژن آفیسرز سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ”بلاشبہ 9مئی پاکستان کی تاریخ میں ایک سیاہ دن رہے گا جب دانستہ طور پر شرپسندوں نے شہدا ء کی یادگاروں کی بے حرمتی کرتے ہوئے ریاست اور قومی اتحاد کی علامتوں پر حملہ کیا“۔ان پرتشدد اور مذموم کارروائیوں کی وجہ سے پاکستان کے دشمنوں کو ریاست اور قوم کا مذاق اڑانے کا موقع فراہم کیا گیا،اب وہی سازشی عناصر، ڈھٹائی سے بیانیہ کو توڑ مروڑ کر ریاست کو اس مذموم کوشش میں ملوث کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بعد ازاں آرمی چیف نے لاہور گیریژن میں جناح لائبریری کا افتتاح بھی کیا۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم ایک تعمیری قوت کی حیثیت سے تخریبی قوتوں کی جانب سے بنائے گئے راکھ اور ملبے کے ڈھیروں پر اس پبلک لائبریری کو بنا کر قائد کی حرمت کو دوبارہ روشن کر رہے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید