• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کیخلاف 9 مئی کے ثبوت موجود، کوئی ابہام باقی نہیں، رانا ثناء

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے خلاف نو مئی کے اتنے ثبوت ہیں کہ کوئی ابہام باقی نہیں ہے، اگر ہمارے پاس اختیار ہی نہیں تو ہم نے مینڈیٹ کیسے چوری کرلیا،سینئر صحافی و تجزیہ کار مجیب الرحمٰن شامی نے کہا کہ نو مئی سے قبل عمران خان سے بار بار کہا کہ اپنی مقبولیت کی حفاظت کریں، اپنی مقبولیت اداروں سے الجھنے میں ضائع نہ کریں اس کے ذریعہ ووٹ حاصل کریں،نمائندہ جیو نیوز حیدر شیرازی نے کہا کہ شیرافضل مروت کا معاملہ پی ٹی آئی میں گروپنگ کو واضح کرتا ہے۔ سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نو مئی تک ہم تحریک انصاف کو سیاسی جماعت کے طور پر لیتے تھے، ہمیں معلوم تھا کہ عمران خان اپنے لوگوں کو آرمی ہاؤسز کے باہر جاکر احتجاج کرنے کیلئے کہہ رہا ہے، ہمارا خیال تھا جیسے احتجاج ہوتا ہے یہ ویسے ہی احتجاج کریں گے، ہم سمجھتے تھے یہ بڑے چوک پر جاکر بیٹھ جائینگے، ہمارا اندازہ تھا کہ ایک دو دن میں انہیں انگیج کر کے اٹھالیا جائے گا، ہمیں یہ اندازہ نہیں تھا کہ ان لوگوں نے حملہ کرنا ہے اور لوٹ مار کرنی ہے، ہمیں ان کے حملے کا اندازہ ہوتا تو انتظامات کچھ اور طرح کے ہوتے۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پولیس کو اسی لیے ہٹایا گیا تھا کہ کوئی جانی نقصان نہ ہو، ہمیں اندازہ ہوتاتو پولیس، انتظامیہ کے علاوہ بھی وہاں ایسے انتظامات تھے کہ یہ پاس نہیں پھٹک سکتے تھے، وہاں سے ایک گارڈ اسی لیے ہٹائی گئی کہ کوئی نقصا ن نہیں ہو، ان کا پروگرام اور منصوبہ بندی تھی کہ حملہ کرنا اور لوٹ مار کرنی ہے، اگر منصوبہ بندی نہیں تھی تو سینئر قیادت کو لوگوں کو سمجھایا جانا چاہئے تھا، کیا پی ٹی آئی رہنماؤں کو معلوم نہیں تھا کہ لوگوں کو کس پوائنٹ پر روکنا ہے؟، پی ٹی آئی سینئر رہنما خود کہہ رہے تھے اس طرح کریں،وہ خود آگ لگانے اور لوٹ مار میں ملوث تھے ۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نو مئی کے ثبوتوں میں پی ٹی آئی کے لوگوں کی اپنی آڈیوز ویڈیوز موجود ہیں، ان کے خلاف نو مئی کے اتنے ثبوت ہیں کہ کوئی ابہام باقی نہیں ہے، ٹرائل ہوگا تو کسی کو سزا ہوگئی ٹرائل ہی اسٹے ہوگیا تو کسی کو سزا کیسے ہوگی؟
اہم خبریں سے مزید