کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم) پاکستان کے چیئرمین، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی و تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اس تیز رفتار دنیا نے سب کچھ بدل کر رکھ دیا، یہ ممکنات کی دنیا اورامکانات کا عہد ہے، ہمیں اپنی نئی نسل کو وہ مواقع فراہم کرنا ہیں جہاں وہ بدلتی دنیا کے تقاضوں کے ساتھ خود کو ہم آہنگ کرسکیں، پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کے صف میں کھڑا کرنا نئی نسل کی ذمے داری ہے۔وہ پیر کو یہاں بحریہ یونیورسٹی کراچی میں پاکستان سائنس فاؤنڈیشن کے تعاون سے چھٹے اوپن ہاؤس پراجیکٹ مقابلہ اور پوسٹر نمائش بلا عنوان ’’گیکس) (Geeks‘‘ کے انعقاد کے موقع پر شرکاء سے خطاب کررہے تھے۔ چیئرمین ایم کیو ایم نے کہا کہ ہم بحیثیت قوم کئی مواقع کھو چکے، یورپ اور مغرب ہم سے بہت آگے ہیں، ہمیں اب اپنی آنکھیں کھولنے اور درست سمت میں انویسٹمنٹ کی ضرورت ہے، ہم ایسے ملک میں رہتے ہیں جہاں 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔