چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ کراچی میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات یکم جون سے ہوں گے، 28 مئی سے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کا انعقاد ممکن نہیں۔
ایک بیان میں چیئرمین بورڈ نے کہا کہ انٹر بورڈ نے امتحانات 4 دن آگے بڑھانے کی اجازت مانگی ہے، اجازت تعلیمی بورڈ کے وزیر سے طلب کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انٹر کے امتحانات کے لیے 21 ہائر سیکنڈری اسکولز کو سینٹر بنایا گیا تھا، یکساں امتحانی مراکز میں صبح میں انٹر اور شام میں میٹرک کے امتحان ہونا تھے۔
چیئرمین بورڈ کا کہنا ہے کہ گرم موسم کی وجہ سے میٹرک کے امتحانات ملتوی کیے گئے، ملتوی شدہ پرچے 28 مئی سے انہی مراکز میں لیے جائیں گے، 21 سینٹرز میں بیک وقت دونوں بورڈز کے امتحانات کا انعقاد ممکن نہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ آج وزیر تعلیمی بورڈز و جامعات نے بورڈز کا اجلاس طلب کر رکھا ہے، اجلاس میں میٹرک بورڈ کے چیئرمین بھی ہوں گے۔