کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان میں تعینات امریکی سفیرڈونلڈ بلوم نےکہا ہے کہ پاکستان کیلئے صاف توانائی سے متعلق ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری ناگزیر ہے تاکہ قابل تجدید توانائی کے مقاصد حاصل کیے جا سکیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ)کے تعاون سے دوسرے کلین ٹیک انویسٹمنٹ روڈ شو کے افتتاح سے خطاب کرتے ہوئے کیا جہاں صاف توانائی کی ٹیکنالوجی کے شعبے میں جدت لانے والی 14 کمپنیوں نے اپنا کام پیش کیا۔امریکی قونصل خانے کے مطابق نمائش کا مقصد شفاف توانائی کے پائیداراورقابل عمل حل کے لئے نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔ پی پی ایس ای نے اپنے آغاز سے اب تک شفاف توانائی، ای موبلٹی اورتوانائی کی استعدادکاربڑھانے کے منصوبوں پر 3 کروڑ ڈالرز سے زائد رقم جمع کرچکی ہے۔امریکی سفیرڈونلڈ بلوم نے نمائش میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صاف توانائی کو فروغ اور وسعت دینے کے لیے سازگار ماحول درکار ہے۔