• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جس آئی پی پی نے بجلی نہیں بنائی اُسے کپیسٹی چارجز کیوں دیں‘ حنیف عباسی

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما اور راولپنڈی سے رُکن قومی اسمبلی حنیف عباسی نے بغیر بجلی پیدا کئے آئی پی پیز کو رقم ادائیگی کی مخالفت کردی۔ اُن کا کہنا ہے کہ بجلی پیدا نہیں کررہے تو ایسے ہی پیسے نہیں دینے ہونگے،گیس اور سولر پر ٹیکس ظلم ہے‘ یہ لوگ کیا اربوں روپے قبر میں لے جائینگے۔ جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے آئی پی پیز کے کردار پر کڑی تنقید کی۔ اُن کا کہنا تھا کہ اگر معاہدے غلط بھی ہوگئے ہیں تو کہہ دیں کہ ہم پیسے نہیں دینگے۔ آئی پی پیز کے بڑے مالکان نے ان معاہدوں سے کھربوں روپے کمالئے، اب جبکہ ملک و قوم مالیاتی بحران کا شکار ہے توملک کیلئے کچھ ارب روپے چھوڑ دیں گے تو کیا قیامت آجائے گی؟ کیا اشرافیہ کے یہ لوگ مہنگی بجلی کے ذریعے غریب عوام کی زندگی اجیرن کر کے یہ اربوں کھربوں روپے قبر میں اپنے ساتھ لیکر جائیں گے؟ حنیف عباسی نے مختلف ٹیکسز کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سوئی گیس اور سولر پینل پر ٹیکس لگانا ظلم ہے، یہ ٹیکس نہیں لگانا چاہئے۔ حنیف عباسی نے مزید کہا کہ (ن) لیگ کی مرکز میں حکومت اور پنجاب میں دوتہائی اکثریت کے ساتھ وزارت اعلیٰ ہے، ہم الیکشن کہاں ہارے ہیں؟ ہم تو الیکشن جیتے ہیں اسی لئے ہماری حکومت ہے، پنجاب اور مرکز میں سب سے بڑی جماعت (ن) لیگ ہے۔ حنیف عباسی نے کہا کہ وہ ڈنکے کی چوٹ پر اپنے دل کی اور عوام کی بات کرتے ہیں‘ کسی کے کہنے سننے سے کوئی بیان نہیں دیتے۔ آپ نے یہ سب کچھ خود دیکھا ہے۔
اہم خبریں سے مزید