• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بشکیک سے 171 طلبہ کی کراچی آمد، وزیراعلیٰ سندھ کا استقبال


بشکیک سے 171 طلبہ کو لے کر پی آئی اے کی پہلی پرواز کراچی پہنچ گئی۔

پی آئی اے کی فلائٹ 6260 صبح 8 بجکر 40 منٹ پر جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی تھی جس کے بعد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزارت خارجہ اور او پی ایف اہلکاروں نے طلبہ کو خوش آمدید کہا۔

اس موقع پر طلبہ کے استقبال کے لیے ایئر پورٹ پر طلبہ کے اہلخانہ بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کرغزستان سے سندھ کے 205 طلبہ کو واپس لایا گیا ہے جن میں 55 لڑکیاں اور 150 لڑکے شامل ہیں،واپسی کا انتظام صوبائی حکومت نے کیا، اللّٰہ کا شکر ہے کہ طالب علموں کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کرغزستان سے واپس آنے والے 99 طلبہ کا تعلق کراچی سے ہے، حکومت سندھ بچوں کے والدین اور کرغزستان میں پاکستانی سفارتخانے سے رابطے میں تھی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ان کے علاوہ مزید 180 طالبعلم کرغزستان میں ہیں جن میں 6 زخمی ہیں، میں کوشش کر رہا ہوں کہ ان کے لیے خصوصی فلائٹ بھیجوں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ جیسے ہی یہ کرغزستان کا واقعہ ہوا مجھے چیئرمین بلاول بھٹو نے ہدایت دی کے بچوں کی واپسی کا بندوبست کریں۔

دوسری جانب ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کا بتانا ہے کہ کرغزستان سے واپس آنے والوں میں حیدرآباد کے 22، خیرپور کے 13، نوشہرو فیروز کے 15، سکھر کے 12، نواب شاہ کے 12، بدین کے 5، دادو کے 5 طلبہ شامل ہیں ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ بشکیک سے واپس آنے والوں میں میرپورخاص کے 5، جیکب آباد5 ، ٹنڈو آدم 3، جامشورو، کندھکوٹ، پنو عاقل، تھرپارکر کا ایک ایک، کشمور کے 2 طلبہ  شامل ہیں۔

بشکیک سے پی آئی اے کی لاہور، اسلام آباد، پشاور اور ملتان کے لیے بھی خصوصی پروازیں آپریٹ کریں گی۔

واضح رہے کہ بشکیک سے کئی پروازوں کے ذریعے پاکستانی طلبہ وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید