چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے پیش گوئی کی ہے کہ کراچی میں مئی میں درجۂ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد ہونے کا امکان نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بالائی سطح پر موجود ہوا کے زائد دباؤ کے باعث ملک کے اکثر مقامات ہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہیں، جون کے پہلے ہفتے تک یہ گرمی کی شدت برقرار رہ سکتی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں آئندہ دنوں میں درجۂ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے، جبکہ بالائی سندھ میں درجۂ حرارت 50 ڈگری سینٹی تک جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ خلیجِ بنگال میں ہوا کا کم دباؤ موجود ہے جو کل تک ہوا کے کم ڈپریشن میں تبدیل ہو سکتا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق ہوا کا کم دباؤ ڈپریشن میں تبدیل ہو کر آئندہ آنے والے دنوں میں سمندری طوفان بن سکتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ خلیجِ بنگال میں موجود ہوا کے کم دباؤ کا پاکستان کے موسم پر کوئی اثر نہیں ہو گا۔