• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوزیہ ناہید سیال، لاہور

ان دنوں سورج سوا نیزے پر ہے۔ شدید گرمی سے ہر شخص ہی بے حال نظر آتا ہے، تو ایسے میں مختلف پھلوں سے بنے ٹھنڈے ٹھار مشروبات نہ صرف روح و جسم کو تسکین پہنچاتے ہیں بلکہ کھوئی ہوئی توانائی بھی بحال کرتے ہیں۔ ذیل میں ایسے مشروبات کی تراکیب پیش کی جا رہی ہیں، جنہیں گھر میں بھی باآسانی تیار کیا جا سکتا ہے۔

اسکنجبین

اجزا: پانی ایک لیٹر، چینی تین کھانے کے چمچ، لیموں تین سے چار عدد، نمک چٹکی بھر، لال شربت ایک کھانے کا چمچ، برف کی کیوبز۔

ترکیب: تمام اجزا کو حسبِ ضرورت پانی میں ڈال کر اچھی طرح مکس کریں اور اوپر سے لیموں نچوڑ لیں۔ پھر اس میں برف کی کیوبز ڈالیں اور ٹھنڈی ٹھار اسکنجبین سے لُطف اندوز ہوں۔

فالسے کا شربت

اجزا: فالسے آدھا پاؤ، چینی چھے کھانے کے چمچ، کالا نمک آدھاچائے کا چمچ، پانی حسبِ ضرورت، برف کی کیوبز۔

ترکیب: سب سے پہلے فالسے اچھی طرح دھولیں، پھر انہیں باقی تمام اجزا کے ساتھ جوسر بلینڈر کے جگ میں ڈال کر شیک کر لیں، ساتھ ہی برف کی کیوبز بھی شامل کرلیں۔ تھوڑی دیر رکھا رہنے دیں گے، تو بیج تہہ میں بیٹھ جائیں گے۔ اُس کے بعد شربت گلاسز میں نکال لیں۔

اسٹرابیری شیک

اجزا: اسٹرابیری آدھا پاؤ، چینی تین کھانے کے چمچ، دودھ ایک لیٹر، برف کی کیوبز۔

ترکیب: تمام اجزا کو جگ میں ڈال کر اچھی طرح شیک کریں اور ٹھنڈا ٹھار نوش فرمائیں۔

(نوٹ: اسی ترکیب کے مطابق ، آم اور کیلے کا شیک بھی بنا سکتے ہیں)

مینگو لسّی

اجزا: دہی ایک پیالی،چینی تین کھانے کے چمچ، مینگوچنکس یا مینگو پیوری ایک پیالی، پانی حسبِ ضرورت، برف کی کیوبز۔

ترکیب: تمام اجزا کو جگ میں ڈال کراچھی طرح شیک کریں اور پھر برف سے ٹھنڈا کر کے سَرو کریں۔

لیمن اَپ

اجزا: لیموں ایک عدد، پودینا چند پتّے، سیون اَپ ایک گلاس، پانی حسبِ ضرورت، برف کی کیوبز۔

ترکیب: تھوڑے سے پانی میں پودینے کے پتّے ڈال کر شیک کر لیں۔ اب اس پودینے کے پانی میں، لیموں کا رس اور سیون اَپ ڈال کراچھی طرح مکس کریں اور برف ڈال کر ٹھنڈا کر لیں۔ چاہیں تو تھوڑی سی چینی بھی شامل کر سکتے ہیں۔ لیجیے، مزے دار لیمن اَپ تیار ہے۔