کراچی(اسٹاف رپورٹر) سینئر سیاست دان اور مسلم لیگ کے سابق سیکریٹری جنرل سید ضیاء عباس نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے مشکلا حالات میں امریکا اور اس کے اتحادیوں کا ساتھ دیا مگر آج جبکہ پاکستان معاشی بحران سے دوچار ہے یہ ممالک حالات میں بہتری کی راہ میں رکاوٹ پیدا کررہے ہیں،پاکستان کو توانائی کے بحران سے نکلنے کے لئے ایران سے گیس کے معاہدے کی اشد ضرورت ہے مگر پابندی کا اشارہ دے کر پاکستان کو اس معاہدے سے روکا جارہا ہے،دوسری جانب بھارت ایران کے ساتھ کئی ایک معاہدہ کرچکا ہے، اس قسم کی دوہری پالیسی سے پاکستانی عوام میں بڑی طاقتوں کے حوالے سے بددلی جنم لے رہی ہے جس پر عالمی قوتوں کو توجہ دینا ہوگی،بھارت پاکستان میں مسلسل دہشت گردی کررہا ہے، افغانستان کی جانب سے دہشت گردوں کو ہر قسم کی حمایت مل رہی ہے،مگر دنیا نے آنکھیں بند کر رکھی ہے،انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف سے کہا کہ وہ پاکستان کی معاشی صورت حال کو بہتر بنانے کے لئے مشکل،کڑے اور سخت قدم اٹھائیں،ملک میں سیاسی عدم استحکام کے خاتمے کے لئے منتخب ایوانوں میں موجود حزب اختلاف کے ارکان کو بھی فیصلہ سازی میں شریک کیا جائے۔