نجی تحقیقیاتی ادارے کی جانب سے ماحولیات بجٹ رپورٹ جاری کر دی گئی۔ کراچی سے جاری رپورٹ کے مطابق سندھ کا نصف سے زائد ماحولیاتی بجٹ 16 سال سے ضائع ہو رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2007 سے 2024 تک موسمیاتی تبدیلیوں کےلیے 48.8 ارب روپے مختص ہوئے، 20.2 ارب روپے یعنی 41 فیصد رقم خرچ ہوئی جبکہ بقیہ 59 فیصد ضائع ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق موسمیاتی تبدیلی سے متعلق آگاہی کےلیے مختص 4 کروڑ روپے بھی ضائع ہوگئے۔ محکمہ ماحولیات نے 16 سالوں میں ترقیاتی بجٹ کا 90 فیصد ضائع کیا۔
رپورٹ کے مطابق ادارہ تحفظ ماحولیات سوا 3 ارب میں سے صرف 34 کروڑ روپےخرچ کر پایا۔
رپورٹ کے مطابق محکمہ جنگلات نے 13 ارب میں سے 10 ارب روپے خرچ کیے جو بہتر کارکردگی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ڈیلٹا بلیو کاربن سے آمدن کا محکمہ جنگلات کے بجٹ میں ذکر ہی نہیں۔
رپورٹ کے مطابق محکمہ جنگلی حیات 16سال میں محض 42 فیصد ترقیاتی بجٹ لگانے میں کامیاب ہوسکا۔