بھارتی ریاست آسام کے شہر گوہاٹی میں بیوی کے مبینہ ناجائز تعلقات کے شبہے میں شوہر نے اسے قتل کردیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق 30 سالہ ٹیکسی آپریٹر رامانوجن گوسوامی نے مبینہ طور پر اپنی 25 سالہ بیوی ریا تالوکدار کو 3 ستمبر کی صبح قتل کیا۔ واردات کے بعد ملزم گھر کو باہر سے تالا لگا کر فرار ہوگیا، تاہم بعد ازاں ہٹی گاؤں پولیس اسٹیشن پہنچ کر خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔
واقعہ گوہاٹی کے باسیٹھاپور علاقے میں ایک کرائے کے مکان میں پیش آیا۔ پولیس کو اس وقت اطلاع ملی جب پڑوسیوں نے بند مکان سے بدبو آنے کی شکایت کی۔
پولیس نے مکان کی تلاشی کے دوران فریج سے مقتولہ کا سر ایک سیاہ پلاسٹک بیگ میں برآمد کیا، جبکہ جسم کے دیگر حصے بھی گھر سے ملے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے مبینہ آلۂ قتل بھی قبضے میں لے لیا ہے۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے خون آلود تیز دھار آلہ برآمد ہوا ہے جسے فرانزک جانچ کے لیے بھیجا جائے گا۔ پولیس کو شراب کی خالی بوتلیں بھی ملی ہیں اور ملزم نے دورانِ تفتیش دعویٰ کیا کہ قتل کے وقت وہ نشے میں تھا۔
پڑوسیوں کے مطابق 3 ستمبر کو میاں بیوی کے درمیان جھگڑا ہوا تھا اور گھر سے چیخنے کی آوازیں بھی سنی گئی تھیں۔ بعد ازاں شوہر نے گھر کو باہر سے تالا لگایا اور چلا گیا، جس پر پڑوسیوں کو شک ہوا۔
پولیس نے بتایا کہ ابتدائی شواہد کے مطابق مقتولہ کی موت سر برآمد ہونے سے کم از کم 24 گھنٹے قبل ہوئی تھی۔ فرانزک ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرلیے ہیں جبکہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے گوہاٹی میڈیکل کالج اینڈ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے، جن میں قتل اور شواہد ضائع کرنے کی دفعات بھی شامل ہیں۔ پولیس قتل کے محرکات اور واقعے سے متعلق دیگر پہلوؤں کی تحقیقات کررہی ہے۔
مقتولہ ریا تالوکدار ایک بوتیک میں کام کرتی تھی۔ اہل خانہ کے مطابق ریا اور گوسوامی کئی برس سے ایک دوسرے کے ساتھ تعلق میں تھے اور گزشتہ سال دونوں نے شادی کی تھی۔
ریا کے اہل خانہ نے پولیس کو بتایا کہ گوسوامی کے ماضی میں بھی گھریلو تشدد کے واقعات سامنے آچکے ہیں اور رواں سال وہ تقریباً تین ماہ بحالی مرکز میں بھی رہا تھا۔
پولیس اس کے سابقہ رویے اور واقعے سے متعلق تمام شواہد کا جائزہ لے رہی ہے۔