• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

والد کی اجازت سے کمسن یوٹیوبر محمد شیراز نے دوبارہ وی لاگنگ شروع کردی

اسکرین گریب
اسکرین گریب 

پاکستان کے سب سے کم عمر ترین یوٹیوبر محمد شیراز کو والد کی جانب سے وی لاگنگ کی ایک بار پھر اجازت مل گئی ہے۔

محمد شیراز جنہوں نے 15 سے 20 روز قبل ہی والد کی جانب سے پابندی لگائے جانے کے سبب وی لاگنگ کو خیرباد کہہ دیا تھا، ایک بار پھر وی لاگنگ شروع کر دی ہے۔

یاد رہے کہ راتوں رات اپنی معصومیت اور سادگی کے سبب کروڑوں یوٹیوب یوزرز کی توجہ حاصل کرنے والے محمد شیراز نے وی لاگنگ کے سبب پڑھائی میں خلل کی پڑنے کی وجہ سے وی لاگنگ ترک کر دی تھی۔

یہ فیصلہ یوٹیوبر کے والد کی جانب سے لیا گیا تھا۔

محمد شیراز کے والد کا کہنا تھا کہ اُن کا بیٹا ابھی بہت چھوٹا اور ناسمجھ ہے، اس وقت شیراز کو صرف پڑھائی پر توجہ دینی چاہیے، وہ اتنی شہرت نہیں سنبھال سکتا، راتوں رات مشہور ہو جانے کے سبب اُن کے بیٹے کے رویے میں تبدیلی آئی ہے، اس لیے وہ چاہتے ہیں کہ شیراز وی لاگنگ چھوڑ کر اپنے بچپن سےمحظوظ ہو اور پڑھائی مکمل کرے۔

اب محمد شیراز نے 11 منٹ 50 سیکنڈ پر مبنی نیا وی لاگ شیئر کیا ہے جس میں انہیں اپنے والد سے وی لاگنگ کے لیے اجازت لیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔


محمد شیراز کے والد کا بیٹے کو ویڈیوز بنانے کی اجازت دیتے ہوئے کہنا ہے کہ ’آپ اب ویڈیوز بنا سکتے ہیں، کچھ دنوں کا وقفہ آپ کے لیے بہت ضروری تھا، بس پڑھائی متاثر نہ ہو، اب آپ کو ویڈیوز بنانے کی اجازت ہے۔‘

خاص رپورٹ سے مزید