• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

چین میں شادی کے بعد طلاق کے فوٹو شوٹ کا رجحان بڑھ گیا

فوٹو: امریکی میڈیا
فوٹو: امریکی میڈیا

چین میں شادی کی شرح میں مسلسل کمی اور طلاق کی بڑھتی ہوئی شرح نے ایک نئی قسم کی فوٹوگرافی کو فروغ دیا ہے، خاتون رپورٹر نے شادیوں کے بعد طلاق کے لمحات کو محفوظ کرنے کا کام شروع کردیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق 28 سالہ تان منگمنگ چین کے صوبہ ہینان میں فوٹوگرافی اسٹوڈیو چلاتی ہیں، انہوں نے محسوس کیا کہ شادی کی شرح میں کمی کے باعث ان کے کاروبار پر اثر پڑ رہا ہے۔

یہی صورتحال تان جیسے فوٹوگرافروں کے لیے ایک نیا کاروباری موقع بن چکی ہے۔ وہ اب طلاق لینے والے جوڑوں کے لیے یادگار تصاویر کھینچ رہی ہیں، جس میں دل ٹوٹنے اور خوشی کے لمحات دونوں شامل ہیں۔

معاشرتی رویے میں تبدیلی:۔

اس کی وجہ چین میں معاشرتی رویے میں تبدیلی کو بھی قرار دیا جارہا ہے، کیونکہ چین میں پہلے طلاق کو بدنامی کی نظر سے دیکھا جاتا تھا، لیکن اب معاشرہ اس کو زیادہ قبول کر رہا ہے۔ بہت سے نوجوان شادی نہ کرنے کا انتخاب کر رہے ہیں، اور جو لوگ شادی کرتے ہیں، وہ اب اسے ناکام ہونے پر شرمندگی کا باعث نہیں سمجھتے۔

یہی رجحان تان اور دیگر فوٹوگرافروں کے لیے ایک بڑھتے ہوئے کاروبار کا ذریعہ بن رہا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم  پر کچھ صارفین اپنی طلاق کی دستاویزات کے ساتھ تصاویر شیئر کرتے ہیں اور بعض دفعہ پرانی شادی کے ملبوسات کو ختم کرنے کے لیے بھی خصوصی خدمات حاصل کی جاتی ہیں۔

تبدیل ہوتے ہوئے معاشرتی رویے کی ایک مثال ایک فوٹو سیشن ہے جہاں ایک جوڑے نے اپنی پہلی ملاقات والی جگہ پر تصاویر کھنچوائیں۔ دونوں نے پرانے پکوان کا آرڈر دیا اور فوٹوگرافی کے اختتام پر دونوں نے آنسو بہائے۔

تان جیسے فوٹوگرافروں کے لیے یہ ایک نیا کاروباری میدان ہے۔ طلاق کو اب بدنامی کی بجائے ایک نیا آغاز سمجھا جا رہا ہے، اور تان نے بھی اسی جذبے کے تحت اپنے کاروبار کو آگے بڑھانے کی منصوبہ بندی کی ہے۔ وہ اپنے کلائنٹس کو دوبارہ شادی کرنے پر رعایت دینے کی پیشکش کر رہی ہیں، اس امید کے ساتھ کہ شاید یہ جوڑے دوبارہ ایک ہو جائیں۔

شادیوں کی تعداد میں کمی:۔

خیال رہے کہ چین کی نیشنل بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے مطابق، 2013 میں تقریباً 13 ملین شادیوں کی نسبت 2022 میں شادیوں کی تعداد کم ہو کر 7 ملین سے بھی نیچے آگئی، جو کہ 1985 کے بعد سب سے کم شرح ہے۔

طلاق کی شرح میں اضافہ:۔

دوسری طرف طلاق کی شرح میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ 2019 میں طلاق کے کیسز کی تعداد 4.7 ملین تک پہنچ گئی، جو دو دہائیاں قبل کی تعداد سے چار گنا زیادہ ہے۔ حکومت نے 2021 میں طلاقوں کی شرح کم کرنے کے لیے نیا قانون نافذ کیا، جس کے تحت جوڑوں کو طلاق سے پہلے 30 دن کا 'کولنگ آف' پیریڈ گزارنا پڑتا ہے، لیکن اس کے باوجود 2023 میں طلاقوں کی شرح میں دوبارہ 25 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید
خاص رپورٹ سے مزید