وزیرِ اعظم شہباز شریف آج 73 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔
شہباز شریف نے زندگی کی 73 بہاریں دیکھ لیں، آج وہ اپنی سالگرہ امریکا میں منا رہے ہیں.
خیال رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس کے 5 روزہ اعلیٰ سطحی اجلاس آج سے امریکی شہر نیویارک میں شروع ہو رہا ہے۔
اس اجلاس میں شہباز شریف پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں، اجلاس 27 ستمبر تک جاری رہے گا، اس دوران وزیرِاعظم کئی دیگر اعلیٰ سطح کے اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔
ان کے پروگرام میں عالمی رہنماؤں، اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر اور پاکستانی تارکین وطن کے ارکان کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی شامل ہوں گی۔
سربراہ مسلم لیگ ن نواز شریف، وزیر اعلیٰ مریم نواز ، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے وزیر اعظم کو سالگرہ کی مبارک باد دی۔
دوسری جانب سینئر لیگی رہنماؤں کی جانب سے وزیر اعظم شہباز شریف کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ان کی درازی عمر کے لئے دعا کی گئی ہے۔
23 ستمبر 1951 کو لاہور میں پیدا ہونے والے خادمِ پاکستان کی سالگرہ کے موقع پر مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس نے بھی انہیں مبارکباد دی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی اُن کو سالگرہ پر مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔