ممتاز حریت رہنما الطاف حسین وانی نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر کو احسن طریقے سے اٹھانے پر وزیرِ اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔
ممتاز حریت رہنما اور جموں کشمیر نیشنل فرنٹ کے وائس چیئرمین الطاف حسین وانی نے اس حوالے سے بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم نواز شریف نے کشمیری اور فلسطینی عوام کی حالت زار کو اعلیٰ ترین فورم پر بھر پور طریقے سے اُجاگر کر کے پوری دنیا کے مسلمانوں کے دل جیت لیے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تقریر ناصرف کشمیری عوام بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے حقیقی جذبات کی عکاسی کرتی ہے۔
کشمیر اور فلسطینی کاز کی مسلسل حمایت پر پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے، اے پی ایچ سی کے رہنما نے کہا کہ پاکستان ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اور کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کا ایک مضبوط حامی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر وزیرِ اعظم شہباز شریف کا جرأت مندانہ مؤقف کشمیر کے کاز کو لے کر پاکستان کے غیر متزلزل عزم اور دیرینہ تنازع کے منصفانہ اور پُرامن حل کی خواہش کا بھرپور اظہار کرتا ہے۔
الطاف حسین وانی نے کہا کہ کشمیر کے لوگ پاکستان کی مسلسل حمایت اور تنازع کشمیر کے پُرامن حل کے لیے ان کی کاوش کو دل کی گہرائیوں سے سراہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بہت سے مشکل چیلنجز کا سامنا کرنے کے باوجود پاکستان کبھی بھی دنیا میں کشمیریوں کے جائز مقصد کی وکالت کرنے سے پیچھے نہیں ہٹا۔
حریت رہنما نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کشمیریوں کی اس وقت تک اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا جب تک وہ بھارت کے ناجائز قبضے سے آزادی کے اپنے مطلوبہ مقصد کو حاصل نہیں کر لیتے۔