آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) نے وزیراعظم شہباز شریف سے ہنگامی بنیاد پر درآمدی کاٹن ریلیز کرنےکا مطالبہ کردیا۔
اسلام آباد سے جاری اپٹما اعلامیے کے مطابق محکمہ پلانٹ پروٹیکشن نے درآمدی کاٹن کو کراچی پورٹ پر روک لیا ہے۔
اپٹما نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف ہنگامی بنیادوں پر درآمدی کاٹن ریلیز کرنے کے احکامات جاری کریں۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ محکمہ پلانٹ پروٹیکشن نے گزشتہ 3، 4 ماہ سے درآمدی کاٹن کی کھیپ کو روک رکھا ہے، وزارت فوڈ سیکیورٹی، تجارت اور داخلہ شپمنٹس ریلیز کرنے کے احکامات جاری کر چکے ہیں۔
اپٹما اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ ڈی جی پلانٹ پروٹیکشن حکومتی احکامات پر عمل درآمد نہیں کر رہے، درآمدی کاٹن کی شپمنٹس رکنے سے صنعت کاروں پر جرمانہ لگ رہا ہے۔
اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ غیر ملکی کمپنیوں کو اب تک 5 کروڑ روپے کا جرمانہ ادا کیا جا چکا ہے، امریکا اور برازیل سے کاٹن درآمد کی جارہی ہے۔