• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی20 ورلڈ کپ: بھارت نے پاکستان کو 6 رنز سے شکست دیدی

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء میں بھارت نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 رنز سے شکست دے دی۔

بھارت کے 120 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 7 وکٹ کے تقصان پر 113 رنز ہی بنا سکی۔

پاکستان کی جانب سے ٹاپ اسکورر محمد رضوان نے 44 بالز پر31 رنز اسکور کیے جبکہ عماد وسیم 15، بابر اعظم، فخر زمان اور عثمان خان نے 13، 13 رنز بنائے، افتخار احمد 5 اور شاداب خان 4 رنز بناسکے، نسیم شاہ 10 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

بھارت کی جانب سے جسپرت بھمرا نے 4 اوورز میں 14 رنز کے عوض 3 وکٹیں لیں اور انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا جبکہ پانڈیا نے 2 اور اکشر پٹیل،  ارش دیپ سنگھ نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی اسٹیڈیم  میں پاکستان اور بھارت کا ہائی وولٹیج میچ بارش کے باعث کچھ دیر رکنے کے بعد دوبارہ شروع ہوا، تو بھارتی بیٹرز نے اننگز کا جارحانہ انداز میں آغاز کیا اور کپتان روہت شرما نے شاہین شاہ آفریدی کے پہلے اوور میں ہی گیند باؤنڈری لائن کے باہر پھینکتے ہوئے 8 رنز بنالیے۔

ویرات کوہلی کے آؤٹ ہونے کے بعد بھارتی بیٹنگ لائن تھوڑا لڑکھڑاگئی، کوہلی 4 رنز بناکر نسیم شاہ کی گیند پر 12 کے مجموعے پر کیچ آؤٹ ہوئے، بھارت کی دوسری وکٹ 19 کے اسکور  پر کپتان روہت شرما کی گری، جو شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 13 رنز بنا کر حارث رؤف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

تیسری وکٹ کا نقصان بھارت کو اکشر پٹیل کی صورت میں اٹھانا پڑا، جو 58 کے اسکور پر 2 چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 18 گیندوں پر 20 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سوریا کمار یادو تھے جو 89 کے مجموعے پر حارث رؤف کی گیند پر 7 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی اسٹیڈیم میں گروپ اے کے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔


پلیئنگ الیونز

پاکستان کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی جہاں اعظم خان کی جگہ پر عماد وسیم کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا۔ 

قومی ٹیم کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، محمد عثمان، فخر زمان، افتخار احمد، عماد وسیم، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، محمد عامر اور حارث رؤف پر مشتمل تھی۔  

بھارت پاکستان کے خلاف میچ میں آئرلینڈ کے خلاف جیتنے والی ٹیم کو ہی میدان میں اتار رہا ہے۔ 

بھارتی ٹیم میں کپتان روہیت شرما، ویرات کوہلی، ریشبھ پنت، سوریا کمار یادیو، شیوم ڈوبے، ہاردیک پانڈیا، رویندرا جڈیجا، اکشر پٹیل، جسپریت بومرا، ارشدیپ سنگھ اور محمد سراج شامل تھے۔

’ماضی ماضی ہے آج کے میچ پر فوکس ہے‘

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ میچ میں بہترین پرفارم کرنےکی کوشش کریں گے، ماضی ماضی ہے آج کے میچ پر فوکس ہے، بھارت کے خلاف میچ کے لیے بہت حوصلہ ملتا ہے۔

’اندازہ ہے یہاں کتنا اسکور ہونا چاہیے‘

 بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ اچھا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ بولرز دفاع کر سکیں، یہاں دو تین میچز کھیل چکے ہیں اندازہ ہے یہاں کتنا اسکور ہونا چاہیے۔

میچ کے آغاز سے قبل بارش

واضح رہے کہ نیویارک میں وقفے وقفے سے بارش کے باعث پہلے میچ کے ٹاس میں تاخیر ہوئی پھر اسکے بعد میچ کا باقاعدہ آغاز بھی تاخیر کا شکار ہوا۔

ورلڈکپ 2024 میں پاکستان اور بھارت کے میچز

واضح رہے کہ پاکستان کو ایونٹ میں اپنے پہلے میچ میں امریکا کے ہاتھوں سپر اوور میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ بھارت نے آئرلینڈ کو ترنوالہ بناتے ہوئے شکست دی تھی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید