• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مدیرِ اعلیٰ: پروفیسر عزیز جبران انصاری

صفحات: 272، قیمت: 1000 روپے

ناشر: جبران اشاعت گھر، صائمہ عربین ولاز، نارتھ کراچی، کراچی۔

فون نمبر: 3894586 - 0345

عزیز جبران انصاری کا شمار استاد شعراء میں ہوتا ہے، ایک ماہرِ تعلیم کی حیثیت سے بھی اُن کی خدمات مثالی اور قابلِ تقلید ہیں۔ اُن کی زندگی کا ایک شعبہ، صحافت بھی ہے۔ اُن کی سنیارٹی کا اندازہ اِس امر سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ وہ روزنامہ ’’جنگ‘‘ کراچی میں ہم سے پہلے موجود تھے۔ 

اِس دَور میں کوئی ادبی پرچہ نکالنا، سراسر گھاٹے کا سواد ہے، لیکن وہ گزشتہ کئی برس سے ’’بیلاگ‘‘ نکال رہے ہیں، جس سے اُن کی قوّتِ ارادی کا اندازہ ہوتا ہے۔ ہمارے پیشِ نظر اس ادبی جریدے کا ’’خاص نمبر‘‘ ہے، جس میں ادب کے ہر رنگ کو نہایت خُوب صُورتی کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔

ہر شمارے میں ’’بے لاگ‘‘ (تیکھا کالم) کے عنوان سے اُن کی اپنی بھی ایک تحریر شائع ہوتی ہے، جس میں وہ قلم سے تلوار کا کام لیتے ہیں، ایسی کھری کھری باتیں لکھ جاتے ہیں کہ جنھیں ہضم کرنا ہر آدمی کے بس کی بات نہیں۔

زیرِ نظر شمارے کا ابتدائیہ بھی منظوم ہے، جس میں حالاتِ حاضرہ پر مشتمل شاعری کا جائزہ لیا گیا ہے۔’’ معروف اہلِ قلم کی تاریخِ پیدائش اور وفات‘‘ بھی ایک اچھا سلسلہ ہے۔ اِس شمارے میں حمد و نعت کے علاوہ غزلیں، نظمیں، افسانے اور تنقیدی و تحقیقی مضامین شامل ہیں۔ اور لکھاریوں میں تنویر پھول، منوّر جہاں منوّر، افروز رضوی، ڈاکٹر انیس الرحمان، پروفیسر عبدالوہاب شارق، نازیہ حسین، شازیہ طارق اور محمّد طارق علی کے نام سرِفہرست ہیں۔