شاعرہ: شمائلہ سحر
صفحات: 112، ہدیہ: 500روپے
ناشر: رحمانیہ کتاب مرکز۔ 289، الحمرا ٹائون، رائے ونڈ روڈ، لاہور۔
فون نمبر: 8873052 - 0300
بلا مبالغہ نعت لکھنا ایک مشکل کام ہے، لیکن جب رحمتوں اور عقیدتوں کے دَر کُھل جائیں، تو راستے خود بہ خود بنتے چلے جاتے ہیں۔ نعت کہنا بڑی سعادت کی بات ہے، لیکن اِس طرف وہی لوگ آئیں گے، جنہیں سرکارؐ بُلائیں گے۔ زیرِ نظر گلدستۂ نعت، شمائلہ سحر نے بارگاہِ رسالتِ مآبﷺ میں نہایت عقیدت و محبّت کے ساتھ پیش کیا ہے، جس میں اُن کی52 نعتیں شامل ہیں۔
محمّد جاوید اقبال، زاہد محمود زاہد، محمّد لیاقت علی رضوی اور محمّد نوید مرزا نے شمائلہ سحر کی نعتیہ شاعری پر مضامین تحریر کرکے انہیں سندِ اعتبار عطا کی ہے۔ شمائلہ کی نعتیہ شاعری عقیدت کی خُوش بُو سے سرشار ہے، بلکہ ہر شعر، سچّے جذبوں سے عبارت ہے۔
محترمہ، ادبی دنیا میں نوآموز نہیں، تو نووارد ضرور ہیں، لیکن اہم بات یہ ہے کہ یہ مجموعہ فنی اغلاط سے پاک ہے۔حمد ونعت کے درمیان فرق بھی واضح رکھا گیا ہے، ایسی کوئی بات نہیں ملی، جسے شرک قرار دیا جاسکے۔ یقیناً ان کی تربیتِ کسی صاحبِ علم و فن استاد نے کی ہے، لیکن یہ بھی ہمارے عہد ہی کا المیہ ہے کہ نئے شعراء اپنے اُن اساتذہ کا نام سامنے نہیں لاتے، جن سے اُنہوں نے اکتسابِ فیض کیا۔