• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور ہالینڈ کے متعدد شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا، سلجوق مستنصر تارڑ

دی ہیگ (راجہ فاروق حیدر) پاکستانی سفارت خانہ پاکستان دی ہیگ نے ایک استقبالیہ کا اہتمام کیا جس میں ہالینڈکے سینئر حکام،دیگر ممالک کے سفارت کاروں اوربین الاقوامی اداروں کے نمائندوں کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کے ارکان، ڈچ اور پاکستانی کاروباری اداروں کے نمائندوں، دانشواروں اور صحافیوں نے شرکت کی۔ ہالینڈکی وزارت ِخارجہ کے ایشیا اور اوشیانا ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر وٹر جورگینزWouter Jurgens تقریب کے مہمان ِخصوصی تھے جبکہ عالمی شہرت یافتہ فوٹوگرافر اور بصری کہانی نگار جمی نیلسن نے بھی بطور مہمان شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان سلجوق مستنصر تارڑ نے بابائے قو م محمد علی جناحؒ اورتحریکِ پاکستان کے ہیروز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے پاکستان اور ہالینڈکے مابین سیاسی، تجارت اور سرمایہ کاری، زراعت، پانی کے انتظام، موسمیاتی تبدیلی، ٹیکنالوجی، تعلیم، ثقافت اور کھیلوں سمیت متعدد شعبوں میں کامیابی سے بھرپوردو طرفہ تعاون پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ باہمی تعاون کومزید فروغ دیاجائے گا۔ انہوں نے بتایاکہ دونوں ممالک نے گزشتہ سال سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیاجو کہ ایک تاریخی سنگ میل کی عکاسی ہے۔ انہوں نے پاکستان اور ہالینڈکے مابین دوستانہ تعلقات کے فروغ میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو بھی سراہا۔ ڈائریکٹر Wouter Jurgens نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور ہالینڈکے مابین تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات دوستی اور افہام وتفہیم پر قائم ہیں۔ انہوں نے باہمی فائدے کے شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ جمی نیلسن نے ایک خصوصی پریزنٹیشن دی جس میں انہوں نے پاکستانی ثقافت کی نمایاں خصوصیات پر روشنی ڈالی اور اپنے حالیہ دورہ پاکستان کی یادیں شیئر کیں۔ ان کی پیشکش میں ایک دستاویزی فلم بھی شامل تھی جس میں انہوں نے پاکستان میں سیاحت کے شعبہ میں موجود مواقع کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر پاکستان کی ثقافت کو نمایاں طور پر پیش کر نے کے لئے موسیقاروں کے ایک گروپ نے پاکستانی علاقائی موسیقی پیش کی اور روایتی دستکاری کی نمائش بھی کی گئی جس میں شرکاء نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ مہمانوں کی تواضع روایتی پاکستانی کھانوں سے کی گئی۔ یہ استقبالیہ نیدرلینڈز میں پاکستان کے قومی دن اور یومِ تکبیر کی مناسبت سے سفارت خانہ کی جانب سے منعقد کی گئیں سرگرمیوں کا حصہ تھا۔

یورپ سے سے مزید