کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)سیکرٹری بلدیات عبدالرؤف بلوچ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر کوئٹہ میں خصوصی صفائی مہم شروع کردی گئی ہے ،میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کرنے کے ساتھ عملے کو عید کے تینوں روز سختی سے شہر کو صاف ستھرا رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف ضابطے کی کارروائی کی جائے گی ۔یہ بات انہوں نے عید الاضحیٰ کے پہلے روز باچا خان چوک پر میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔سیکرٹری بلدیات عبدالرؤف بلوچ نے کہا کہ ہمارا مقصد شہر کو صاف ستھرا رکھنا ہے۔صفائی مہم کے حوالے سے شہر کو تین زونز میں تقسیم کیا گیا ہے پہلی مرتبہ کچلاک کو بھی خصوصی صفائی مہم شامل کیا گیا ہے کوشش ہے کہ شہر اور اطراف میں کہیں سے بھی صفائی کے حوالے سے کوئی شکایت نہ آئے صفائی مہم کے دوران ایک دن میں 4 سو ٹن کے قریب آلائشیں اور کچرا اٹھایا جائے گا ، صفائی مہم میں 100 بڑی اور 50 چھوٹی گاڑیوں کے ذریعے کچرا صاف کیا جائے گا، محکمے کی تمام مشینری صفائی مہم میں لگائی گئی ہے شہر کو صاف رکھنےمیں شہری تعاون کریں۔