کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن نے مالی مشکلات کی وجہ سے جمعے سے شروع ہونے والی سائوتھ ایشین جونیئر اور کیڈٹ ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب کو سادگی سےکرنے کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے چیمپئن شپ کے انعقاد کے سلسلے میں منتظمین کو وعدے کے باوجود تاحال کوئی رقم فراہم نہیں کی ہے جس کی وجہ سے افتتاحی تقریب میں کھلاڑیوں کے مارچ پاسٹ کے علاوہ کوئی پروگرام نہیں رکھا گیا ۔ میزبان فیڈریشن کے حکام اس حوالے سے مسلسل پی ایس بی سے رابطے میں ہیں۔ بین الصوبائی رابطے کے وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ نے مصروفیات کی وجہ سے افتتاحی تقریب میں آنے سے معذرت کرلی ہے ان کی جگہ سندھ کے وزیر خزانہ مراد علی شاہ ایونٹ کا افتتاح کریں گے۔ ایونٹ میں شرکت کے لئے بھارت، سری لنکا، مالدیپ اور نیپال کی ٹیمیں جمعرات کو کراچی پہنچیں گی، ایونٹ جمعے سے حبیب اسکول کے جمنازیم میں شروع ہوگا۔