کراچی(نیوز ڈیسک)انتہا پسند ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے مسلسل تیسری بار اقتدار میں آنے کے بعد بھارتی مسلمانوں پر تشدد کا سلسلہ شروع ہوگیا،بھارتی ریاست اترپردیش کےشہر علی گڑھ میں لوگوں نے ایک مسلمان نوجوان نوجوان محمد فرید عرف اورنگزیب کو اتنا مارا کہ وہ موقع پرہی دم توڑ گیا۔ نوجوان کی موت کے بعد اس کے اہل خانہ نے موب لنچنگ کا الزام لگا کر زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ حملہ آور چار افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔نوجوان پر تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی،جس میں یہ دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ کس طرح لوگوں سے اپنی جان بچانے کی التجا کر رہا ہے، لیکن لوگ اسے لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے مار رہے ہیں۔ یہ واقعہ گاندھی پارک تھانہ علاقے کے مامو بھانجا علاقے میں پیش آیا۔ وہ منگل کی رات 11 بجے یہاں اپنے دوست، کپڑے کے تاجر کے بیٹے روہت سے ملنے آیا تھا،اسی دوران فرید نامی نوجوان کو گھر سے باہر آتے دیکھا گیا، جب روہت اور اس کے دوست نے خطرے کی گھنٹی بجائی تو فرید بھاگ گیا۔