• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انیل کپور نے بونی کپور کیساتھ رشتے میں دراڑ پر لب کشائی کردی

انیل کپور اور بونی کپور، فوٹو بھارتی میڈیا
انیل کپور اور بونی کپور، فوٹو بھارتی میڈیا

بالی ووڈ کے سینئر اداکار انیل کپور اور ان کے بھائی بونی کپور کے درمیان رشتے میں مبینہ دراڑ کی خبریں میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں، جس پر انیل کپور نے لب کشائی کردی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انیل کپور کو ان کے بھائی اور فلمساز بونی کپور نے نو انٹری کے دوسرے حصے میں شامل نہیں کیا جس پر دونوں کے درمیان مبینہ طور پر دراڑ پڑنے کی خبریں سامنے آئی تھیں، تاہم انیل کپور نے اس حوالے سے  لب کشائی کردی ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران جب انیل کپور سے ایک صحافی نے ان کے بھائی کے ساتھ چلنے والے معاملے سے متعلق سوال پوچھا تو اس پر انہوں نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیملی کا معاملہ ہے، گھر کی بات ہے گھر میں ہی رہنے دو، کیا ضرورت ہے اس کا ذکر کرنے کی۔

صحافی کی جانب سے اس موقع پر جب انیل کپور کے سامنے ان کے بھائی بونی کپور کے الفاظ دہرائے گئے تو اس کے جواب میں اداکار نے کہا کہ ہاں ٹھیک ہے کوئی مسئلہ نہیں آگے بڑھو، بونی کبھی غلط نہیں ہوسکتا۔

یاد رہے کہ رواں سال کے شروع میں انیل کپور اور ان کے بھائی بونی کپور کے درمیان دراڑ پڑنے کی خبریں اس وقت سامنے آئی تھیں، جب بونی کپور نے فلم نو انٹری کا دوسرا پارٹ بنانے کا اعلان کیا تھا، اصل نو انٹری میں سلمان خان، انیل کپور، فردین خان،  ایشا دیول، لارا دتہ، بپاشا باسو اور سیلینا جیٹلی شامل تھیں، جبکہ فلم کے سیکوئل میں انیل کپور کو شامل نہیں کیا گیا بلکہ ان کی جگہ ورون دھوان، دلجیت دوسانجھ اور ارجن کپور کو شامل کیا گیا ہے۔

بونی کپور کا کہنا تھا کہ انیل کپور اس فلم میں کام کرنا چاہتے ہیں مگر اس فلم میں ان کی جگہ نہیں ہے۔

بھارتی فلمساز نے اس حوالے سے مزید بتایا تھا کہ کیا وجہ ہے جو وہ نو انٹری کے سیکویل میں ورون، ارجن اور دلجیت کو شامل کرنا چاہتے ہیں، کیونکہ ورون اور ارجن کپور اچھے دوست ہیں اور اس فلم کیلئے اداکاروں میں اچھی کیمسٹری ہونا بھی ضروری ہے۔ جبکہ آج کل دلجیت کی فین فالوونگ بہت ہے اسی لیے میں انہیں اپنی فلم میں شامل کرنا چاہتا ہوں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید