کراچی(اسٹاف رپورٹر) مرکزقومی زبان کے تحت قباءآڈیٹوریم میں عیدملن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی سندھ ا ورسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ تحریک پاکستان میں اردوزبان کابڑاکردار ہے ،قیام پاکستان کے بعدبرسراقتدارآنے والی انگریزوں کی غلام قیادت نے نہ صرف اردوزبان بلکہ اسلامی تہذیب وثقافت وروایات کومسخ کرکے انگریزوں کی چاپلوسی اورمغربی تہذیب کو پروان چڑھایا،قومی زبان ہونے کے باوجود اس کے ساتھ سوتلی ماں ولا سلوک قابل افسوس ہے،دستورپاکستان اورعدلیہ کے فیصلے کے مطابق عدلیہ میں اردوکونافذکیا جائے،نہ صرف اردوبلکہ تمام زبانوں کو اہمیت ومقام دیا جائے،آئین کے تحت بھی اردو کو قومی زبان کا درجہ دیا جانے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن 50 سال سے زیادہ گزرنے کے باوجود اردو کو سرکاری زبان کا درجہ نہیں مل سکا ،محمد حسین محنتی نے کہاکہ مرکز قومی زبان کے تحت اردو کے نفاذ اور اس کی ترویج کے لیے جو کوششیں ہورہی ہیں وہ قابل تحسین ہیں، تقریب میں نور الدین نور اور عبداللہ منہاس نے اپنا کلام پیش کیا،جبکہ سیکریٹری اطلاعات جماعت اسلامی سندھ مجاہد چنا، بزم سخن کے منتظم عبید ہاشمی، مرکز قومی زبان کے مرکزی رہنما کلیم علی خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔