• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی20 ورلڈکپ: امریکا کو ہرا کر دفاعی چیمپئن انگلینڈ سیمی فائنل میں پہنچ گیا


ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے 49ویں میچ میں کرس جارڈن کی ہیٹ ٹرک اور کپتان جوش بٹلر کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے امریکا کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کےلیے کوالیفائی کرلیا۔ 

بارباڈوس میں کھیلے جانے والے گروپ 2 کے اس اہم میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر امریکا کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ 

پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کھیلنے والی اور پہلے مرحلے میں پاکستان کو شکست دینے والی امریکی ٹیم کی آخری 5 وکٹیں بغیر کسی رن پر گرگئیں۔ امریکا کی ٹیم 115 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔  

شریک میزبان ٹیم کی جانب سے نتیش کمار 30 اور کوری اینڈرسن 29 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ہرمیت سنگھ نے 21 ایرون جونز نے 10 رنز بنائے، اسٹیون ٹیلر 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کی جانب سے کرس جارڈن نے ہیٹ ٹرک بناتے ہوئے چار آؤٹ کیے۔ انکے علاوہ سین کرن اور عادل رشید نے دو دو جبکہ ریس ٹاپلے اور لیام لونگسٹن نے ایک ایک وکٹ لی۔ 

دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے 116 رنز کا ہدف بغیر کوئی وکٹ گنوائے 10ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ 

کپتان جوش بٹلر نے 38 گیندوں پر 7 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 87 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ فل سالٹ نے 25 رنز بنائے۔

بٹلر نے امریکا کے بولر ہرمیت سنگھ کو ایک ہی اوور میں 5 چھکے لگائے۔ 

انگلینڈ کے عادل رشید کو فتح گر بولنگ اسپیل پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید