گزشتہ روز شادی کے بندھن میں بندھنے والی دبنگ اداکارہ سوناکشی سنہا نے اپنی شادی کی مختلف تقریبات کے موقع پر پرتعیش تقریبات کے اہتمام کے ساتھ ساتھ مہنگے ملبوسات زیب تن کرنے کی روایت کو بھی توڑ دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ شب اداکارہ سوناکشی سنہا اور اداکار ظہیر اقبال کا استقبالیہ شاندار انداز میں منعقد کیا گیا۔
تاہم اس خاص دن کو منانے کے لیے انہوں نے نہ ہی ڈیسٹینیشن ویڈنگ کا اہتمام کیا اور نہ ہی کسی مہنگے ہوٹل کا انتخاب کیا۔
اس کے برعکس انہوں نے ممبئی میں قائم ساتھی اداکارہ شلپا شیٹی کے ریستوران کا انتخاب کیا۔ جہاں انہوں نے تقریباً 1 ہزار لوگوں کو عشائیہ دیا۔
اسی طرح اداکارہ نے استقبالیہ کے پُر مسرت اور یاد گار موقع پر مہنگے ترین ملبوسات کے برعکس ڈیزائنر سنجے گرج کی تیار کردہ خوبصورت سرخ بنارسی ساڑھی زیب تن کی۔
ان کی اس سرخ ساڑھی پر چاند بوٹا اور زرئی کا کام کیا گیا ہے، اس کے ساتھ اداکارہ نے میچنگ بلاؤس کا انتخاب کیا، جبکہ انہوں نے اس کے ساتھ زمرد اور کندن جڑے زیورات پہنے جو ان کی خوبصورتی کو مزید چار چاند لگا رہے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ کی عروسی ساڑھی کی قیمت سامنے آگئی ہے، جو آن لائن بھی دستیاب ہے۔
سوناکشی سنہا کی زیب تن کی ہوئی مذکورہ سرخ بنارسی ساڑھی کی قیمت میڈیا رپورٹس کے مطابق صرف 79 ہزار 8 سو بھارتی روپے ہے۔