واشنگٹن(این این آئی) امریکی محکمہ خارجہ نے انسانی اسمگلنگ سے متعلق سالانہ رپورٹ جاری کر دی، جس میں پاکستان اور بھارت کی ایک جیسی درجہ بندی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دونوں حکومتیں انسانی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے کم از کم معیارات پر پورا نہیں اترتیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی رپورٹ میں کہاگیاکہ پاکستان اور بھارت لسٹ میں درجہ دوم میں شامل رہیں گے۔رپورٹ کے مطابق پاکستانی حکومت نے گزشتہ رپورٹ کے مقابلے مجموعی طور پر زیادہ کوشش کا مظاہرہ کیا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان کوششوں میں پراسیکیوشن کو بڑھانا اور انسانی اسمگلروں کو سزا دینا شامل ہے۔رپورٹ کے مطابق انسانی اسمگلر پاکستان اور بھارت میں ملکی، غیر ملکی افراد کا استحصال کرتے ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کا سب سے بڑا انسانی اسمگلنگ کا مسئلہ جبری مشقت ہے، پاکستان بھر میں 4.5 ملین کارکن جبری مشقت میں پھنسے ہوئے ہیں۔