• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اضافی وزارتیں ختم، 76 کارپوریشنز پرائیویٹ کی جائیں، رانا زاہد توصیف

فیصل آباد (نمائندہ جنگ) سینئر سیاستدان و سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری رانا زاہد توصیف نے قومی خزانے پر بوجھ کم کرنے کے لئے خسارے میں چلنے والی 76 کارپوریشنز کو پرائیویٹ کرنے اور اٹھارویں ترمیم کے مطابق اضافی وزارتیں ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے کہنے پر حکومت نے آئندہ سال کے لئے جو وفاقی بجٹ منظور کیا ہے اس سے معاشی و اقتصادی ابتری، غربت، مہنگائی اور بیروزگاری میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کے مطالبے پر ٹیکسز میں اضافے کی بجائے غیر ضروری وزارتیں ختم کرکے اپنے اخراجات میں کمی کرے،’’جنگ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے صدر، وزیراعظم ہاؤس، وزیراعلی ہاؤسز اور گورنر ہاؤسز کے اخراجات کم کرنے کی بجائے مزید بڑھا کر عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔ رانا زاہد توصیف کے مطابق ایک مقروض ملک میں ڈویلپمنٹ کے نام پر سیاسی رشوت دینے کے لئے تین ہزار ارب روپے مختص کرنا ظلم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے، سٹیل ملز، ریلوے، یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن سمیت 76 ایسے قومی ادارے ہیں جو مسلسل خسارے میں جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ان کی جلد ازجلد نجکاری کرے تاکہ ہر سال اس مد میں ہونے والے اربوں روپے کے خسارے سے بچا جا سکے۔
اہم خبریں سے مزید