• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزاد کشمیر سے فرنٹیئر فورس کو واپس بلایا جائے، صابر گل

وٹفورڈ( نمائندہ جنگ) حکومت پاکستان آزاد کشمیر سے فرنٹیئر فورس کو واپس بلانے کیلئے اقدامات کرے۔ آزاد کشمیر میں فرنٹیئر فورس بھیجنے سے حالات مزید کشیدہ ہوں گے اوربھارت کو پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرنے کا موقع ملے گا۔ کشمیر ی عوام پاکستان کی سالمیت اور قومی خود مختاری کا احترام کرتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار چیف آرگنائزر جے کے ایل ایف صابر گل نے دورہ وٹفورڈ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں عدم استحکام کا ماحول بنانا کسی کے مفاد میں نہیں ، آزاد کشمیر کے پرامن ماحول کو سیاسی تجربہ گاہ نہ بنایا جائے، جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات تسلیم کر لئے گئے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات پر عمل درآمد اور جیلوں میں نظر بند قیدیوں کو فوری رہا کیا جائے۔ آزاد کشمیر میں ایف سی کو بھیجنا بلا جواز ہے،کشمیر ی عوام تقسیم کشمیر کے فارمولے کو مسترد کر چکے ہیں۔ صابر گل نے کہا پاکستان اور بھارت کے درمیان شملہ معاہدہ بھارت نے ختم کر دیا ہے ، کشمیر ی عوام مطالبہ کرتے ہیں کہ دونوں ملک کشمیر کی سابقہ پوزیشن بحال کرنے اور کنٹرول لائن ختم کرنے کا اعلان کریں، کشمیر ی عوام کو آپس میں ملنے اور تعلقات بحال کرنے کی اجازت دی جائے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کو روکنے کیلئے اقوام متحدہ کی امن آرمی تعینات کی جائے جو بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی روکنے اور عوام کے جان و مال کو تحفظ اور ریاست کے دونوں اطراف امن و امان قائم کرنے میں کردار ادا کر ے۔ ملٹری آبزرور کا دائرہ کار کنٹرول تک محدود ہے ، اس لئے ضروری ہے کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں امن آرمی تعینات کرے، اقوام متحدہ کی خاموشی مجرمانہ فعل ہے ،عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ٹھوس و مثبت کردار ادا کرے، کشمیر ی عوام کیلئے آزادانہ و منصفانہ ماحول پیدا کیا جائے، آزاد کشمیر کا سٹیٹس بحال کیا جائے تاکہ کشمیر ی عوام فلسطینی عوام کی طرح عالمی برادری کے سامنے اپنا کیس خود پیش کر سکیں۔
یورپ سے سے مزید