قراۃالعین فاروق، حیدرآباد
گوشت، گوشت، گوشت…ہر روز، گوشت کے پکوان کھا کھا کے جی اُوبنے لگتا ہے۔ یوں بھی انسانی فطرت ’’تبدیلی‘‘ کے بغیر رہ ہی نہیں سکتی کہ ہر روز تو’’من و سلویٰ‘‘بھی نہیں کھایا جاتا۔ تو چلیں، آج ہم آپ کے لیے روٹین سے بہت ہٹ کے کچھ تراکیب لائے ہیں۔
آج آلو، لوبیے کی بریانی کے ساتھ ، بچّوں کے لیے سبزیوں کے برگر اور میٹھے کے شوقین افراد کے لیے ایک یک سَر منفرد ڈش ایک سنو وِد اسٹرابیری ساس کی ترکیب پیشِ خدمت ہے۔
آلو، لوبیے کی بریانی
اجزا: سفید لوبیا ایک پیالی (اچھی طرح دھو کر پندرہ سے بیس منٹ کے لیے بھگو دیں) آلو چھے سے سات عدد( چھیل کر چار چار ٹکڑے کر لیں)، چاول آدھا کلو، پیازایک عدد،ٹماٹردو عدد،ہرا دھنیا، پودینا (گارنشنگ کے لیے)،تھوڑی سی براؤن پیاز، ایک ٹماٹر کے قتلے (گارنشنگ کے لیے)، ہری مرچ چار سے پانچ عدد، نمک حسبِ ذائقہ، سُرخ مرچ حسبِ ذائقہ، کُٹی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچ، چھوٹی الائچی دو عدد، بڑی الائچی دو عدد، آلو بخارے تین سے چارعدد، کالی مرچ سات سے آٹھ دانے، لونگ سات سے آٹھ دانے، دھنیا پاؤڈر ایک چائے کا چمچ،دار چینی ایک چھوٹا ٹکڑا، تیز پات دو پتّے، جائفل ایک چٹکی، جاوتری ایک چٹکی ،زیرہ ایک چائے کا چمچ، ہلدی آدھا چائے کا چمچ، دہی آدھی پیالی، ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ، زردہ رنگ تھوڑا سا، لیموں ایک عدد، تیل حسبِ ضرورت۔
ترکیب: ایک پین میں تیل ڈال کر اس میں پیاز ہلکی برائون کر لیں اور پھر اس میں ٹماٹر ڈال دیں۔ پانی کا چھینٹا دے کر ٹماٹروں کو بُھون لیں۔ پھر اس میں لوبیا اور آلو ڈالیں۔ ساتھ ہی ہلکی آنچ کرکے سارے مسالے ڈال دیں اور تھوڑا سا بھون کر اس میں پانی ڈال کے ہلکی آنچ پر ڈھک کے پکنے کے لیے چھوڑ دیں۔ آدھے گھنٹے بعد اس میں دہی ڈالیں اور دوبارہ ڈھکن لگا کر پکنے کے لیے چھوڑ دیں۔ اسے گلنے میں تقریباً ایک سے سوا گھنٹہ لگے گا۔ جب آلو اور لوبیا گل جائیں اور پانی خشک ہو جائے تو اس میں ایک لیموں کا رس ڈال دیں۔
ایک اور پین میں چاول اُبال لیں اور چاول ابالتے وقت اس میں نمک کے ساتھ چاہیں تو چوتھائی چمچ پسا ہوا گرم مسالا، ایک ہری مرچ، آدھا چائے کا چمچ زیرہ اور ایک چائے کا چمچ سرکہ ڈال دیں۔ جب چاول ایک کنی رہ جائیں تو پانی چھان لیں۔ اس کے بعد ایک تہہ چاول کی اور تہہ سالن کی لگا کر اوپر زردہ رنگ، ہرا دھنیا، پودینا، ٹماٹر کے باریک قتلے اور براؤن پیاز ڈال کر دَم پہ رکھ دیں ۔ بہت ہی لذیذ اور منفرد سی آلو، لوبیے کی بریانی تیار ہے۔
سبزی کے برگرز
اجز: آلو پانچ عدد، پیاز ایک عدد(باریک کٹی ہوئی) ، ٹماٹرایک عدد (باریک کٹی ہوئی)، کارنز آدھی پیالی ( اُبال کے موٹے موٹے پیس لیں)، شملہ مرچ ایک عدد (باریک کٹی ہوئی) ،بند گوبھی آدھا چھوٹا پھول( باریک کاٹ لیں)، ہری مرچ تین سے چار عدد (باریک کٹی ہوئی)، نمک حسبِ ذائقہ، دھنیا پاؤڈر ایک چوتھائی چائے کا چمچ، ادرک پاؤڈر ایک چوتھائی چائے کا چمچ، لہسن پاؤڈر ایک چوتھائی چائے کا چمچ، پسا ہوا انار دانہ ایک چوتھائی چائے کا چمچہ، پسی ہوئی کالی مرچ حسبِ ذائقہ، پسا ہوا بُھنا زیرہ، ایک چائے کا چمچ، قصوری میتھی ایک چائے کا چمچ، انڈے دو عدد، بریڈ کرمبزایک سے ڈیڑھ پیالی، بَن دس سے بارہ۔
ترکیب: آلوؤں کو اُبال لیں اور پھر ان میں سوائے انڈے اور بریڈ کرمبز کے سارے مسالے ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں۔ پھر اس کے کباب بنا کر انڈے اور بریڈ کرمبز میں ڈبو کرکے فرائی پین میں تھوڑا سا تیل ڈال کر تل لیں ۔اس کے بعد ایک ایک بن میں ایک ایک کباب رکھیں۔ لیجیے، لذیذ برگرز تیار ہیں۔ ویسے تو اس میں کیچپ یا مایونیز ڈالنے کی ضرورت نہیں ہوتی ۔ تاہم، اگر چاہیں تو ڈال سکتے ہیں۔
ایگ سِنو وداسٹرابیری ساس
اجزا: دودھ ایک کلو، 6 عدد انڈوں کی سفیدی، چینی 450 گرام، اسٹرابیری ساس 200 گرام، چاکلیٹ ساس50 گرام، بادام (باریک کٹے ہوئے) 50گرام۔
ترکیب: ایک پیالے میں انڈوں کی سفیدی اور چینی ڈال کر مشین کی مدد سے اچھی خاصی جھاگ بننے تک پھینٹیں۔ دوسری طرف دودھ کو گرم کر لیں اور چمچ کی مدد سے انڈے کی سفیدی کی چھوٹی چھوٹی بالز بنا کر گرم گرم دودھ میں ڈال دیں۔
ان سِنو بالز کو ایک بار پلٹیں اور ایک منٹ کے بعد دودھ سے نکال کر کسی کاغذ پر رکھ دیں۔ پھر سرونگ ڈش میں پہلے اسٹرابیری ساس ڈالیں، پھر اس کے اوپر سنو بالز سجا دیں۔ سجاوٹ کے لیے اوپر سے چاکلیٹ ساس، اسٹرابیری ساس اور بادام ڈالیں۔ مزے دار ایگ سِنو وِد اسٹرابیری ساس تیار ہے۔ (اسما شاہ، کراچی)