• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: موٹر سائیکل چوری کرکے آن لائن فروخت کرنے والا گینگ پکڑا گیا


کراچی میں موٹر سائیکل چوری کرکے آن لائن فروخت کرنے والا گینگ گلبہار پولیس نے پکڑ لیا۔

ایس ایس پی سینٹرل ذیشان صدیقی نے بتایا کہ گینگ واردات کےلیے تین مرحلوں میں کام کرتا تھا۔ پہلے مرحلے میں ملزمان کلیئر موٹر سائیکل کے کاغذات حاصل کرتے تھے، دوسرے مرحلے میں ملزمان چوری کی گئی موٹر سائیکل کے جعلی کاغذات تیار کرتے تھے جبکہ تیسرے مرحلے میں ملزمان انجن چیسیز نمبر ٹیمپرڈ کرکے آن لائن ویب سائٹ پر فروخت کرتے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمان کا گروہ کراچی کے مختلف علاقوں میں انتہائی سرگرم تھا، ملزمان نے درجنوں چوری شدہ موٹر سائیکل ٹیمپر کرنے کے بعد فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

ایس ایس سینٹرل کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت بلاول، شاہ رخ اور رضوان ناموں سے ہوئی ہے۔ ملزمان کے قبضے سے کراچی کے مختلف علاقوں سے چوری کی ہوئی 8 عدد موٹر سائیکل اور 5 عدد چیسیز برآمد ہوئے ہیں۔ 

ملزم رضوان نے انکشاف کیا وہ موٹر سائیکل کے جعلی کاغذات بناتا تھا اور بعدازاں آن لائن ویب سائٹ پر چوری شدہ موٹر سائیکل فروخت کرتا تھا۔

ملزم بلاول نے اعتراف کیا وہ موٹر سائیکل چوری کرنے میں ملوث ہے اور آن ڈیمانڈ موٹر سائیکل چوری کرتا تھا۔

ملزم شاہ رخ موٹر سائیکل کے انجن چیسیز نمبر ٹیمپر کرنے کا ماہر ہے اور ٹیمپر کرنے کے 3 ہزار روپے لیتا ہے۔

ایس ایس پی سینٹرل ذیشان صدیقی کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف ضابطے کی کارروائی مکمل کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید