ملک بھر میں پولیو وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے، پاکستان میں اب تک 49 اضلاع کے 211 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق سامنے آ چکی ہے۔
پہلی بار ایبٹ آباد اور گوادر کے ماحولیاتی نمونوں سے بھی پولیو وائرس کی تصدیق سامنے آئی ہے۔
محکمہ صحت کے حکام کے مطابق ایبٹ آباد کے علاقے کالا پُل شیخ البندی کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
دوسری جانب جی ڈی اے پلانٹ گوادر کے ماحولیاتی نمونوں میں بھی پولیو کے ملنے کی تصدیق ہوئی ہے۔
حکام کے مطابق بلوچستان کے علاقوں اوستا محمد، دکی، مستونگ، سبی، کیچ کے ماحولیاتی نمونوں میں بھی پولیو وائرس ملا ہے۔
اسی طرح ڈھوک دلال راولپنڈی کے ماحولیاتی نمونے سے بھی پولیو وائرس کی تصدیق سامنے آئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اب تک آٹھ بچے پولیو سے متاثر ہو چکے ہیں۔