• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گورنر سندھ کا پسماندہ خاندانوں کے طلباء کیلئے مفت اسکالر شپ پروگرام کا اعلان

کراچی(اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے پسماندہ خاندانوں کے طلباء کے لیے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے بیرون ملک جانے میں مدد کے لیے مفت اسکالرشپ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے یہ اعلان پیر کو گورنر ہاؤس میں منعقدہ کیریئر کونسلنگ اجلاس میں کیا۔ معروف ماہر تعلیم اور کیریئر کونسلر سید عابدی نے سیشن کا انعقاد کیا اور شرکاء کو ترقی یافتہ ممالک میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے دنیا بھر میں اسکالرشپ کے مواقع کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ سید عابدی نے طلباء کو اسکالر شپ کا طریقہ کار بتاتے ہوئے انہیں ویب سائٹ کے ذریعہ درخواست جمع کرانے اور بیرون ممالک کے تعلیمی اداروں کی معلومات حاصل کرنے کے ضمن میں آگاہ کیا۔ انہوں نے طلباء سے کہا کہ اچھی معیاری تعلیم کے لئے آپ کو شب و روز محنت کرنا ہوگی۔ گورنر سندھ نے اس موقع پر اعلان کیا کہ گورنر ہاؤس مستقبل میں اس طرح کے مزید مشاورتی سیشنز کا انعقاد کرے گا ، گورنر ہاؤس میں فوری طور پر ایک سیل قائم کیا جا رہا ہے ۔ گورنر نے اس بات کو سراہا کہ ماہر تعلیم اور مشیر سید عابدی نے اب تک 15000 طلباء کو کامیابی سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے بیرون ملک جانے میں مدد فراہم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عابدی جیسے مزید پرعزم اور تجربہ کار ماہرین تعلیم کو مغربی ممالک میں اعلیٰ تعلیم کے دستیاب مواقع کے بارے میں طلباء کو مناسب رہنمائی فراہم کرنے کے لیے آگے آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس کی جانب سے شروع کیے جانے والے اسکالرشپ پروگرام سے مستفید ہونے والے طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے لیے بیرون ملک جانے کے لیے کسی ٹریول یا ایجوکیشنل سروسز ایجنٹ کو کوئی فیس ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ کامران ٹیسوری نے کہا کہ ان کا نیا اقدام محروم خاندانوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی طلباء کے مستقبل کو روشن کرنے میں ایک طویل سفر طے کرے گا۔ انہوں نے کونسلنگ سیشن میں حصہ لینے والے طلباء پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ دوران تعلیم اور بعد میں اپنی عملی زندگی میں اپنے آبائی ملک کی شہرت کو بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

ملک بھر سے سے مزید