کراچی (اسد ابن حسن) پاکستان ایئرپورٹ آتھارٹی انتظامیہ نے غیر ملکی اور ملکی آڈٹ فرمز کے افراد کا ایئرپورٹس پر بغیر اطلاع دیے آڈٹ کرنا اور دورے کرنے کو قطعی غیر قانونی قرار دیا ہے۔ اس سلسلے میں ادارے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر و ایئرپورٹ مینجر لاہور نے ایک مراسلہ بھی متعلقہ اداروں کو ارسال کیا ہے۔ مرا سلے میں تحریر کیا گیا ہے کہ انتظامیہ کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ غیر ملکی اور ملکی آڈٹ فرموں کے افراد بغیر اطلاع دیے ایئر پورٹس کا دورہ کرتے ہیں جو کہ قطعی طور پر غیر قانونی ہے اس حوالے سے انہوں نے اعلی عدالت کا ایک حکم بھی مراسلے میں تحریر کیا ہے اور یہ بھی کہا ہے کہ آڈٹ فرم اس بات کی پابند ہے کہ آڈٹ کرنے کے بعد 20 گھنٹے کے اندر اپنی رپورٹ ادارے کو روانہ کرے مگر ایسا نہیں ہوتا۔ مستقبل میں کوئی بھی آڈٹ فرم کے افراد کسی بھی ایئرپورٹ پر جب تک ادارے سے اجازت نہیں لے لیں گے وہ ایئرپورٹس کا دورہ کرنے کے مجاز نہیں ہوں گے اور اگر انہوں نے ایسا کیا تو ان کے خلاف قانونی کاروائی بھی ہو سکتی ہے۔