کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے چیف منسٹر انسپیکشن، انکوائریز اینڈ امپلیمنٹیشن ٹیم سینیٹر وقار مہدی نے کہا ہے کہ ضلع جنوبی کی ترقی و عوامی مسائل کا حل حکومتِ سندھ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، ترقیاتی اسکیموں کی معینہ مدت میں تکمیل اور تعمیراتی کاموں کے معیار پر کوئی کمپرومائیز نہیں کیا جائے گا۔ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے غفلت پر ذمہ دار افسران کے خلاف سخت تادیبی کاروائی اور غیر معیاری کام پر ٹھیکیدار کمپنی کو بلیک لسٹ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حکومتِ سندھ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام اور بلدیہ اعظمیٰ کراچی کی ڈسٹرکٹ اے ڈی پی کے تحت ضلع کراچی جنوبی میں ترقیاتی اسکیموں پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقد اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر جنوبی کے دفتر میں منعقد اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر نجمی عالم، ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو، ڈائریکٹر جنرل سی ایم آئی ٹی ڈی عبدالسلام میمن، جنرل سیکریٹری پیپلز پارٹی ساؤتھ تیمور سیال، سی ایم آئی ٹی کے ممبر غلام محی الدین عاصم، ڈی جی ٹیکنیکل کے ایم سی طارق مغل، چیف انجینئر کے ڈی اے عبدالصمد جمالانی اور چیف انجینئر واٹر اینڈ سیوریج بورڈ محمد علی شیخ سمیت کے ڈی اے، کے ایم سی اور واٹر بورڈ کے دیگر افسران شریک تھے۔