• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دوبارہ سے ڈینٹل پریکٹس شروع کر دی


اسلامی جمہوری پاکستان کے سابق صدرِ مملک و دندان ساز ڈاکٹر عارف علوی نے صدارتی مدت پوری کرنے کے 8 ماہ بعد ایک بار پھر سے ڈینٹل پریکٹس شروع کر دی۔ 

پاکستان کے سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی کے بیٹے، عواب علوی کی جانب سے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹس ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر والد کی نئی تصویر شیئر کی گئی ہے جن میں ڈاکٹر عارف علوی کو مریض کے معائنے میں مصروف دیکھا جا سکتا ہے۔

عواب علوی نے یہ تصویریں شیئر کرتے ہوئے جوش و خروش کا اظہار کیا ہے اور اپنے ایکس پیغام میں لکھا ہے کہ ہم ان (والد) کی واپسی پر بہت خوش ہیں، ڈاکٹر عارف علوی ایک بار پھر سے اپنے شعبے میں فعال ہو گئے ہیں اور مریضوں کے دانتوں کا علاج کر رہے ہیں۔

اسکرین شاٹس
اسکرین شاٹس

عواب علوی نے ایکس پر اپنے پیغام میں مزید لکھا ہے کہ’پانچ سال تک پاکستان کے 13ویں صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کے بعد اب وہ (ڈاکٹر عارف علوی) اپنے مریضوں سے دوبارہ رابطہ قائم کرنے اور دانتوں کی معیاری دیکھ بھال جاری رکھنے کے لیے بے چین ہیں۔‘

بیٹے کی جانب سے کی جانے والی اس پوسٹ کو ڈاکٹر عارف علوی نے بھی اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ری شیئر کیا ہے۔

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

یاد رہے کہ پاکستان کے سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی پیشہ ورانہ لحاظ سے ایک ڈاکٹر ہیں جو دندان سازی میں 55 سال سے زیادہ کا تجربہ رکھتے ہیں۔

ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے کیرئیر کے دوران  دندان سازی کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے سمیت سیاست میں بھی اعلیٰ مقام حاصل کیا ہے۔

ڈاکٹر علوی کی دندان سازی میں واپسی کو بہت سے حلقوں کی جانب سے ایک مثبت پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

قومی خبریں سے مزید