اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی وزیرخزانہ محمد اور نگزیب نے کہاہے کہ آئی ایم ایف کے نئے پروگرام کا مقصد معاشی اصلاحات کو آگے بڑھانا ہے‘اہم معاشی اشاریوں سے معاشی استحکام کی عکاسی ہو رہی ہے، معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کیلئے پاکستان اس وقت آئی ایم ایف کے ساتھ ایک نئے وسط مدتی پروگرام کیلئے بات چیت کر رہا ہے‘کثیرالجہتی اداروں نے پاکستان کی معیشت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، توانائی سمیت مختلف شعبوں میں اصلاحات اور مجموعی قومی پیداوار کے تناسب سے ٹیکسوں کی شرح میں اضافہ کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں اسٹینڈرڈ اینڈ پورز (ایس اینڈپی) گلوبل ریٹنگ ایجنسی کے وفد سے ملاقات میں کہی۔وزیر خزانہ نے کہاکہ اسٹاک مارکیٹ کی کا رگردگی حوصلہ افزاء ہے، کرنسی کی قدرمیں استحکام آیاہے۔مالی سال 2024 کے دوران ٹیکسوں کی وصولی میں سالانہ بنیادوں پر 30 فیصد اضافہ ہو ا، جی ڈی پی کے تناسب سے ٹیکسوں کی شرح میں بھی بہتری ہو ئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور سرکاری اداروں کی نجکاری سمیت کئی شعبوں میں اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔