ملتان میں 9 جولائی کو خاتون کی پنکھے سے لٹکی لاش ملنے کے کیس میں ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنےآ گئی۔
ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق خاتون ثانیہ کی موت پھندا لگنے سے ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مزید حقائق فرانزک رپورٹ آنے پر سامنے آ جائیں گے۔
اس سے قبل ملتان میں گھر کے اندر پراسرا طور پر مردہ پائی گئی خاتون کی قبر کشائی کر کے لاش کے نمونہ جات حاصل کیے گئے تھے اور فارنزک لیب بھیجے گئے تھے۔
پولیس کے مطابق 9 جولائی کو ثانیہ زہرہ نامی خاتون کی لاش کمرے میں پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی تھی۔
ابتدائی طور پر خاتون کی موت کو خودکشی قرار دے کر لاش دفنا دی گئی تھی۔
بعد میں مقتولہ کے والد کی درخواست پر مقتولہ کے شوہر سمیت 6 سسرالیوں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
مقتولہ کی لاش کو ورثاء نے بغیر پوسٹ مارٹم دفنا دیا تھا۔
علاقہ مجسٹریٹ کی اجازت سے قبر کشائی کر کے لاش کے نمونہ جات حاصل کر کے فرانزک لیبارٹری لاہور بھجوائے گئے تھے۔
پولیس کے مطابق مکمل فرانزک رپورٹ آنے پر ہی اصل حقائق سامنے آ سکیں گے۔