کراچی( اسٹاف رپورٹر) سینئر سیاست داں اور مسلم لیگ کے سابق سکریٹری جنرل سید ضیاء عباس نے کہا ہے کہ غزہ اور کشمیر اس وقت کربلا کے مناظر پیش کررہے ہیں،کربلا میں امام حسین ؓ اور ان کےرفقا نے اپنا سب کچھ لٹا کر دین کو سربلند کیا، پاکستان اس وقت امام حسین ؓ اور انکےرفقا جیسی قر بانی کا منتظر ہے جس میں ہمیں اپنی انا، خود غرضی کو قربان کرنا ہوگا، ملکی سالمیت ہم سے اس قر بانی کی خواہش مند ہے جس میں ہمیں اپنے ذاتی مفادات کو قربان کرنا ہوگا،امام حسین ؓ نے ابدی زندگی کو عارضی زندگی پر ترجیح دی۔اپناسر کٹوایا لیکن باطل قوتوں کا سر ہمیشہ ہمیشہ کیلئے جھکا دیا،پاکستان آج جن معاشی، اخلاقی اور سیاسی عدم استحکام سے دوچار ہے اس میں ہمیں ان ہی اصولوں کو اپنانا ہوگا جو کربلا میں امام حسین نے اختیار کیا، غزہ اور کشمیر اس وقت کربلا کے مناظر پیش کررہے ہیں، ان ملکوں کی عوام سیدنا امام حسین ؓ کے مشن کو ہی آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں ، مگر دکھ اور افسوس اس بات کا ہے کہ لاکھوں جانوں کا نذرانہ دے کر حاصل کرنے والے پاکستان میں ہم پچھلے76سال سے صرف اور صرف اپنے مفادات کو ترجیح دے رہے ہیں، نواسہ رسول ﷺ نے کربلا کے میدان میں زندگی کے جن ابدی اصولوں سے عالم انسانیت کو آگاہ کیا ہے ہمیں ریاست کو بچانے کے لئے ان ہی راستوں کو اختیار کرنا ہوگا جس میں ہماری بقاءاور سلامتی ہےجس سے ہم نہ صرف ملک کو مضبوط بناسکیں گے بلکہ خود کو اسلام کا مستحکم قلعہ بھی ثابت کرسکیں گے۔