• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

استاد الاساتذہ پروفیسر ذکریا ساجد انتقال کرگئے

کراچی(اسٹاف رپورٹر) اپنے دور کے نامور صحافی، استاد الاساتذہ، شعبہ ابلاغ عامہ جامعہ کراچی کے بانی و سابق چیئرمین، پریس انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان کے ڈائریکٹر اور ہزاروں صحافیوں کے استاد پروفیسرذکریا ساجد جمعرات کوانتقال کرگئے ان کی عمر96برس تھی۔ ان کی نماز جنازہ جامعہ کراچی کی جامع مسجد ابراہیم میں بعد نمازظہر اداکی گئی۔ بعد ازاں انہیں جامعہ کراچی کے قبرستان میں سپردخاک کیا گیا۔پروفیسر ذکریاساجد یکم جولائی 1928 ء کو مشرقی پنجاب کے شہر انبالہ میں پیداہوئے،انہوں نے یکم نومبر1966 ء کو شعبہ ابلاغ عامہ جامعہ کراچی سے بحیثیت لیکچرراپنے کیرئیر کا آغاز کیا، 28اگست 1977 کو اسسٹنٹ پروفیسرکے عہدے پر فائزہونے کے ساتھ ساتھ چیئر مین کے عہدے پر بھی فائز ہوئے جبکہ 11 اکتوبر 1982 ء کو ایسوسی ایٹ پروفیسر اور 08 دسمبر 1985ء کو پروفیسرکے عہدے پر فائز ہوئے۔مرحوم 30 جون1988 ء کو شعبہ ابلاغ عامہ جامعہ کراچی سے 30جون 1988کو ریٹائر ہوئے تھے تاہم اس کے بعد طویل عرصے تک بطور ایڈجرن پروفیسر کے پڑھاتے رہے تھے۔ پروفیسر زکریا ساجد کی تعلیمی خدمات کے اعتراف میں 2009 ء میں سندھ یونیورسٹی میں سینٹر فار رورل ڈیولپمنٹ کمیونیکیشن کے کانفرنس ہال کو پروفیسر زکریا ساجد سے منسوب کیا گیا تھا جب کہ 2014 ء میں انہیں صدارتی ایوارڈ تمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔
اہم خبریں سے مزید