• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قواعد کے برعکس تبادلے قبول نہیں ،فیصلہ واپس لیاجائے،جی ٹی اے آئینی کوئٹہ

کوئٹہ (پ ر) گورنمنٹ ٹیچرزایسوسی ایشن آئینی بلوچستان ضلع کوئٹہ کے ترجمان نے پریس ریلیزمیں کہاہے کہ ایس ایس ٹی سائنس کی پوسٹ پر عرصہ دراز سے پڑھانے والے قابل استاد کو ایک اعلیٰ آفیسر کی ایک واٹس ایپ وائس کال پر ٹرانسفر کرنا باعث افسوس ہے۔ صوبہ بھر میں محکمہ تعلیم میں کوئی اصول کوئی قوانین نہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کو تجربہ گاہ بنا دیاگیا ہے سیاسی اور سفارش کی بنیادوں پر سکولوں میں اصل کیڈر کے برعکس اساتذہ کی تعیناتیاں کی جا رہی ہیں ۔جس کے باعث اساتذہ میں بے چینی اور تشویش پائی جاتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایک وائیس کال پر گورنمنٹ ہائی سکول ٹی بی سینٹوریم سے ایس ایس ٹی سائنس ٹیچر کو ہٹا کر اس کی جگہ ایس ایس ٹی جنرل تعینات کر دیا گیا اس اقدام سے نہ صرف کسی ایک بلکہ ایمانداری سے اپنے فرائض انجام دینے والے تمام اساتذہ کی دل شکنی ہوئی ہے ۔بلکہ اس طرح کے اقدامات سے تعلیمی اداروں کا نظم ونسق متاثر ہورہاہے ۔بچوں کی تعلیم و تربیت کا حرج ہورہاہے ۔انہوں نے کہاکہ جی ٹی اے آئینی بلوچستان ضلع کوئٹہ رولز کے برعکس سیاسی و سفارش کی بنیاد پر اساتذہ کی اکھاڑ پچھاڑ کی قطعا ًاجازت نہیں دےگی۔انہوں نے کہاکہ غیر قانونی اور رولز کے برعکس احکامات واپس نہیں لیے گئے تو جی ٹی اے آئینی بلوچستان سخت احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے ۔
کوئٹہ سے مزید