امریکی صدر جو بائیڈن کے دوبارہ الیکشن نہ لڑنے کا امکان فیصلہ کن حد تک بڑھ گیا۔
امریکی اخبار کے مطابق بظاہر جو بائیڈن اس حقیقت کو تسلیم کررہے ہیں کہ انہیں ممکنہ طور پر اس دوڑ سے دستبردار ہونا پڑے گا۔
اگر جو بائیڈن 2024 کی امریکی صدارتی دوڑ سے دستبردار ہو جاتے ہیں، تو کون کون ممکنہ امیدوار ہیں جو ڈیموکریٹک کی جانب سے بطور صدارتی امیدوار ان کی جگہ لے سکتے ہیں۔ آیئے ایک نظر ان پر ڈالتے ہیں۔
جو بائیڈن کی جگہ لینے والوں میں سب سے پہلا نام موجودہ نائب صدر کملا ہیرس کا ہے۔
کملا ہیرس بائیڈن کی وفادار اتحادی ہیں، اگر کملا ہیرس، صدارتی انتخابات لڑکر کامیاب ہو جاتی ہیں تو وہ پہلی خاتون صدر، دوسری سیاہ فام صدر اور پہلی ایشیائی امریکی صدر کے طور پر منتخب ہوکر تاریخ رقم کر دیں گی۔
کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوزوم صدر جو بائیڈن کی جگہ لینے کے لیے ایک تگڑے امیدوار ہیں۔ گیون نیوزوم قومی سطح پر ڈیموکریٹس کی حمایت اور اینٹی ریپبلکن کے طور پر جانے جاتے ہیں۔
گیون نیوزوم امریکی سیاست میں کافی متحریک ہیں، لیکن وہ فی الحال بائیڈن کو منتخب کروانے کے لیے مہیم چلا رہے ہیں۔
مشی گن کی گورنر گریچن وائٹمر بھی صدارتی انتخابات کے لیے اہم امیدوار ہیں۔ انہوں نے ماضی میں بائیڈن کے لیے مہم چلائی تھی۔ وہ خواتین کے لیے اہم مسائل پر کھل کر بات کرتی ہیں، اگر وہ منتخب ہوئیں تو وہ پہلی خاتون صدر ہوں گی۔
ایلی نوائے کے گورنر جے بی پرٹزکر، پرٹزکر خاندان کے ایک ارب پتی شخص اور امریکی صدارت کے لیے اہم امیدوار ہیں۔
اسقاط حمل کے حقوق، اسلحہ پر قابو اور چرس کی قانونی حیثیت جیسے اہم مسائل پر مضبوط موقف رکھنے والے جے بی پرٹزکر امریکی صدارتی امیدوار کے لیے مالی اعتبار سے ایک امیر ترین اور ترقی پسند خیال کے حامل انتخاب ہیں۔ تاہم وہ بائیڈن کی انتخابی مہیم کے لیے کام کر رہے ہیں۔
پنسلوینیا کے گورنر جوش شاپیرو پنسلوینیا کی سیاست کے میدان میں ایک ابھرتا ہوا ستارہ ہیں اور صدارتی انتخابات کے لیے ایک بہترین امیدوار ہیں۔
امریکی صدر جو بائیڈن کی دستبرداری کی صورت میں ٹرانسپورٹیشن کے سیکرٹری پیٹ بٹگیگ بھی انتخابات کا دنگل لڑنے کے لیے ایک بہترین امیدوار ہیں۔
وہ 2020 کی پرائمری امیدواروں میں نمایاں امیدوار تھے۔ انہیں کم عمر ٹرانسپورٹیشن کے سیکرٹری کا اعزاز حاصل ہے، انہیں اہم ڈیموکریٹک امیدوار قرار دیا جا سکتا ہے۔