کراچی (جنگ نیوز) جیوفلمز کی پیشکش، مانو اینی میشن اسٹوڈیوز کی تیار کردہ پاکستان کی سب سے خوبصورت فلم ”گلاس ورکر“ کی ٹیم اتوار کو ”جیونیوز“ کے شو ”ہنسنا منع ہے“ میں مہمان ہوگی۔ شو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے فلم کے ہدایتکار عثمان ریاض کا کہنا تھا اس فلم کو بنانے میں 10 برس لگ گئے، اپنی تخلیقی بھوک مٹانے کیلئے اس فلم کو ہاتھ سے بنایا گیا۔ کئی لوگوں نے چیلنج دیا تھا کہ ایسے فلمیں نہیں بنتیں، میں نے چیلنج قبول کیا اور یہ کام کرکے دُنیا کو دکھادیا۔ شو کے دوران فلم کے اہم کردار ڈینو علی اور مورو بھی شریک ہوئے۔ڈینو علی کا کہنا تھا اینی میٹڈ فلم میں کام کرنا بچپن سے خواب تھا، ہم نے دُنیا کو بتادیا کہ ہم بھی عالمی معیار کی اینی میٹڈ فلم بناسکتے ہیں۔ اداکاروں نے فلم میں کی گئی صداکاری کے جوہر بھی دکھائے، جس کے بعد حاضرین داد دیئے بغیر نہ رہ سکے۔ شرکاء سے حاضرین نے سوال پوچھے، اشعار بھی سنائے اور گیمز کا دلچسپ مقابلہ بھی ہوا۔