وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف ائی اے کے اینٹی کرپشن سرکل نے کراچی کلفٹن میں ایک کارروائی کے دوران غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزم کو گرفتار کر کے 15 ہزار سے زائد امریکی ڈالر برآمد کر لیے۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق یہ کارروائی ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر کی ہدایات پر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کے سلسلے میں کی گئی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم غلام محمد کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث ہے، ملزم بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج کا کاروبار کر رہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم کے خلاف کارروائی خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی، چھاپے کے دوران ملزم سے 15300 امریکی ڈالر اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج سے متعلق ریکارڈ بھی برآمد ہوئے۔
ایف آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکا، ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔