ویمن ایشیا کپ میں پاکستان نے نئی تاریخ رقم کردی، قومی ٹیم ٹی20 فارمیٹ کے ایونٹ میں 10 وکٹوں سے میچ جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔
پاکستان ویمن نے آج یو اے ای ویمن کو گروپ میچ میں 10 وکٹوں سے شکست دی۔
یو اے ای ویمن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 103 رنز بنائے۔ تھیرتھا ستیش 40، ایشا اوزا 16 اور خوشی شرما 12 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔
پاکستان ویمن کی جانب سعدیہ اقبال، نشرح سدھو اور طوبیٰ حسن نے دو، دو وکٹیں لیں جبکہ ندا ڈار نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
قومی ویمن ٹیم نے ہدف بغیر کوئی وکٹ گنوائے 15ویں اوور کی پہلی گیند پر حاصل کرلیا۔ گل فیروزا نے 62 اور منیبہ علی نے 37 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلیں۔
اس سے قبل آٹھ مرتبہ مختلف ٹیمیں 9 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرچکی ہیں۔
پاکستان ٹیم کی یہ مجموعی طور پر صرف دوسری 10 وکٹ کی فتح ہے۔ اس سے قبل پاکستان ویمن نے 11 سال پہلے آئرلینڈ ویمن کو 10 وکٹ سے ہرایا تھا۔
اس کے علاوہ گل فیروزا اور منیبہ علی ٹی20 انٹرنیشنلز میں دو سنچری شراکت کرنے والی پہلی پاکستانی جوڑی بن گئیں۔