اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے جعلی کمپنی کے نام پر شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
امیگریشن حکام کے مطابق کراچی کے علاقے طارق روڈ سے گرفتار ہونے والے ملزمان میں عمر عاصم اور حارث خان شامل ہیں، جو امگرا لمیٹڈ کے نام سے کنسلٹینسی فرم چلا رہے تھے۔
ملزمان نے جعلی ہیلتھ کئیر فرم ظاہر کرکے شہریوں کو برطانیہ ملازمت کا ویزا دیا۔
امیگریشن حکام کے مطابق ملزمان نے شکایت کنندہ سے مجموعی طور پر 70 لاکھ روپے بٹورے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے جعلی کمپنی کے نام پر اب تک مجموعی طور پر 40 شہریوں کو ویزے دئیے۔ چھاپے کے دوران ملزمان سے چیک بکس، اسٹیمپ پیپر، وزیٹنگ کارڈز برآمد کرلئے گئے۔
اس کے علاوہ ملزمان سے لیپ ٹاپ، موبائل فون اور متعدد سفری دستاویزات بھی برآمد کر لی گئی ہیں۔
ترجمان کے مطابق ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔